نئے مینوفیکچررز کو سستی بجلی، گیس فراہمی، جانچ پڑتال کیلئے ایف بی آر کا خصوصی سیل قائم

متعلقہ ایسوسی ایشن مخصوص فارم کی تصدیق کے بعد اسے سفارشات کے ہمراہ ایف بی آر کے ایکسپورٹ اورئنٹڈ سیکٹر رجسٹریشن سیل کو ارسال کرے گی جس پر ایسوسی ایشن کے صدر یا چئیرمین کے دستخط ثبت ہوں گے

533

اسلام آباد: فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے برآمدی صنعتوں کو رعایتی قیمت پر بجلی، آر ایل این اور گیس کی سہولتی فہرست میں نئے تیارکنندگان کی درخواستوں کی جانچ پڑتال کرنے کیلئے خصوصی سیل قائم کر دیا۔

ایف بی آر کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق برآمدی صنعتوں (سابق زیرو ریٹڈ شعبہ جات) کیلئے رعایتی نرخوں پر بجلی، آر ایل این جی اور گیس کی سہولتی فہرست میں نئے مینوفیکچررز (تیار کنندگان) کی درخواستوں کا جائزہ لینے کیلئے ایف بی آر کے سیکنڈ سیکریٹری خالد محمود، سینئیر آڈیٹرعمران اللہ خان اور انسپکٹر ماجد حسین کی قیادت میں تین رکنی ایکسپورٹ اورئینٹڈ سیکٹر رجسٹریشن سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

ایف بی آر نے اس ضمن میں معیاری طریقہ کار پہلے سے طے کیا ہے جس کے مطابق رجسٹریشن کے لئے نئے مینوفیکچررز آل پاکستان ٹیکسٹائیل ملز ایسوسی ایشن، پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان ٹیکسٹال ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، پاکستان لیدرگارمنٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان ڈینم مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان ٹیکسٹال پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے ذریعہ درخواست دینے کے پابند ہیں۔

متعلقہ ایسوسی ایشن مخصوص فارم کی تصدیق کے بعد اسے سفارشات کے ہمراہ ایف بی آر کے ایکسپورٹ اورئنٹڈ سیکٹر رجسٹریشن سیل (ای ایس آرسی) کو ارسال کرے گی جس پر متعلقہ ایسوسی ایشن کے صدر یا چئیرمین کے دستخط ثبت ہوں گے۔

ای ایس سی آر متعلقہ ایسوسی ایشن کی تفصیلات اور سفارشات کا جائزہ لے گا اور اسے ٹیکس پئیرز لسٹ سے متعلقہ تیارکنندہ کے ڈکلریشن اور رجسٹریشن پروفائل کی تصدیق کرے گا جس کے بعد متعلقہ ڈسکوز یا گیس کمپنی سے رعایتی ٹیرف لینے کیلئے اسے وزارت تجارت کو ارسال کرے گا۔

اگرتصدیقی رپورٹ میں کوئی تضاد پایا جائے تو اس صورت میں ای ایس آرسی اسے ایف بی آر کے اِن لینڈ ریونیو کے فارمیشنز میں ارسال کرے گا تاکہ اس حوالہ سے حقائق کی جانچ کی جا سکے۔

نئے ٹیکس پئیرز اس سہولت سے استفادہ کرنے کے اہل ہوں گے، متعلقہ ڈسکوز و گیس کمپنیاں اس بات کو یقینی بنائیْں گی کہ ٹیکس دہندہ ایف بی آر کے سیلز ٹیکس کے فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل ہے۔

اگر ٹیکس دہندہ فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں فعال نہ پایا جائے تو اس صورت بجلی اور گیس کے معیاری نرخوں کا اطلاق کیا جائے گا۔ متعلقہ ایسوسی ایشن میں رجسٹریشن نہ رکھنے والا کوئی بھی ٹیکس دہندہ اگر سہولت سے فائدہ اٹھانے کا خواہشمند ہو تو اس صورت میں اسے اِن لینڈ ریونیو کے فیلڈ فارمیشن سے رابطہ کرنا ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here