اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس منعقد ہوا، پاور ڈویژن نے گردشی قرضہ کی تازہ ترین صورت حال اور اندازوں بارے آگاہ کیا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ گردشی قرضہ میں اضافہ روکنے کیلئے گردشی قرضہ کے انتظام و انصرام کے منصوبہ پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات نے بجلی کے میٹرلیس سمارٹ میٹرنگ سسٹم کے بارے میں پیش کردہ تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ کمیٹی نے پاور ڈویژن اور آئی ٹی اینڈ ٹیلی مواصلات کو ہدایت کی کہ وہ مجوزہ ڈیزائن پر مزید تبادلہ خیال کریں اور کمیٹی کو مشترکہ تجاویز پیش کریں۔
پٹرولیم ڈویژن نے صوبہ بلوچستان میں صنعتی گیس کنکشن کے عمل کو آسان بنانے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔ کابینہ کمیٹی نے مجوزہ کمیٹی کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ اس کی سفارشات ایک ماہ میں کمیٹی کو پیش کی جائیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ، معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر ، تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت اور سرمایہ کاری سے متعلق وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود اور مختلف شعبوں کے عہدیدار شریک تھے۔