اسلام آباد: اسلامی ترقیاتی بینک پولیو ویکسین کی خریداری کیلئے پاکستان کو 60 ملین ڈالر (6 کروڑ ڈالر) کی معاونت فراہم کرے گا۔
اس ضمن میں وزارت اقتصادی امور نے حکومت پاکستان کی جانب سے اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ مالی معاونت کے معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔
چھ کروڑ ڈالر میں سے تین کروڑ 90 لاکھ ڈالر بطور قرضہ اور دو کروڑ دس لاکھ ڈالر ’لائیو اینڈ لائیولی ہوڈ فنڈ‘ کی جانب سے گرانٹ کی شکل میں فراہم ہوں گے۔
سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد نے پاکستان میں پولیو کے خاتمہ میں اسلامی ترقیاتی بینک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان طویل المعیاد شراکت داری قائم ہے، گزشتہ کئی برسوں میں بینک پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کیلئے معاونت فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے ایل ایل ایف فنڈ کی جانب سے رقوم مختص کرنے کو بھی سراہا اور اس پر فنڈ کا شکریہ ادا کیا۔ نور احمد نے کہا کہ سال 2013ء سے لیکر اب تک اسلامی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں پولیوکے خاتمہ کے پروگرام کیلئے 48 کروڑ 70 لاکھ ڈالرکی مالی معاونت فراہم کی ہے، اس معاونت سے ہمیں ویکسین کی فراہمی کے آپریشن کومضبوط بنانے، نگرانی، ویکسین کی خریداری، سماجی آگاہی اورپولیوکے حوالہ سے ابلاغ میں بہت مددملی ہے۔
سیکریٹری اقتصادی امور کا کہنا تھا کہ پولیومہم میں دو لاکھ 60 ہزارصحت عامہ کے کارکن فرنٹ لائن پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں نمائندہ نے پاکستان کو پولیو سے پاک ملک قرار دینے میں ویکیسن کے اہداف کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بینک رکن ممالک میں غریب اور پسماندہ آبادی کو عالمگیر وبا اور دیگربیماریوں سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔