بٹ کوائن ایک لاکھ 46 ہزار ڈالر تک پہنچ سکتا ہے: جے پی مورگن

889

لندن: سرمایہ کاری بینک جے پی مورگن (جے پی ایم) نے کہا ہے کہ کرپٹو کرنسی بٹ کوائن سونے کی حریف بن کر ابھری ہے اور اگر اس کی قدر بڑھنے کیلئے حالات سازگار رہے تو رواں سال بٹ کوائن ایک لاکھ 46 ہزار ڈالر کی سطح پر بھی جا سکتا ہے۔

2021ء میں دنیا کی سب سے مقبول کرپٹو کرنسی بٹ کوائن میں سرمایہ کاری کا رجحان مزید بڑھنے کا امکان ہے، سرمایہ کار بٹ کوائن کو ڈالر کی گرتی ہوئی قدر کے متبادل اور افراطِ زر کے خلاف دیکھ رہے ہیں، یعنی اس کرنسی پر افراطِ زر اور ڈالر کا اتار چڑھاؤ فی الحال اثرانداز نہیں ہو رہا۔

گزشتہ چھ ماہ کے دوران بٹ کوائن کی قدر میں چھ گنا سے زائد اضافہ ہوا ہے، 6 جنوری کو بٹ کوائن 35 ہزار ڈالر کی سطح عبور کر گیا تھا۔

وال سٹریٹ بینک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سونے کی مارکیٹ سے سرمایہ کاروں کی جانب سے سات ارب ڈالر کا حالیہ انخلاء اور بٹ کوائن میں تین ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری سے ہمارے ذہنوں میں بٹ کوائن کی مسابقت سونے کے ساتھ پہلے ہی شروع ہو جاتی ہے۔

جے پی مورگن کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن کو سونے کے متبادل سرمایہ کاری کا ذریعہ سمجھنے کا مطلب یہ ہے کہ اس کی قدر میں طویل مدت کیلئے اضافہ متوقع ہے۔

جے پی مورگن نے مزید کہا کہ بٹ کوائن کا سونے کو بھی پیچھے چھوڑنے کا امکان ہے کیونکہ وقت کے ساتھ یہ سرمایہ کاری مارکیٹ کا اہم حصہ بن چکا ہے اور سرمایہ کار اب روایتی ذرائع کی بجائے ‘ڈیجیٹل گولڈ’ کو ترجیح دے رہے ہیں۔

بینک نے مزید کہا کہ بٹ کوائن کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 575 ارب ڈالر ہے اور کوائنز، ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز، گولڈ بارز میں رکھی گئی پرائیویٹ گولڈ کی دولت کی قدر میں پانچ گناہ اضافے سے اس کی قیمت ایک لاکھ 46 ہزار ڈالر تک جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here