لاہور: چین کی کمپنی اوریل سرامکس نے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں ٹائل سازی کی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔
گزشتہ روز وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں چینی کمپنی اوریل سرامکس کے نمائندہ ووجیان بن نے ملاقات کی اور بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں ٹائل سازی کی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عندیہ دیا۔
ووجیان بن نے کہا کہ حکومت اضافی بجلی اور گیس فراہم کرے تو ہمارے صنعتی یونٹ کی پیداواری صلاحیت بڑھ سکتی ہے، چینی کمپنی اوریل سرامکس نے نیا صنعتی یونٹ لگانے کے لئے 50 ایکڑ زمین کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیے:
پنجاب حکومت کا نئے ملازمین کیلئے الگ پنشن رولز بنانے کا فیصلہ
پنجاب حکومت کا انڈسٹریل اسٹیٹس کی آبادکاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ
پنجاب بھر کی زرعی منڈیوں کی ڈیجیٹلائزیشن، جیو فینسنگ کا فیصلہ
صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نئی سرمایہ کاری لانا حکومت کی سرفہرست ترجیح ہے، بہت سی چینی کمپنیوں نے پنجاب میں بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، سازگار ماحول کے باعث بیرونی سرمایہ کار سرمایہ کاری کے لئے پنجاب کا رخ کر رہے ہیں اوریل سرامکس کی پنجاب میں نئی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ چینی کمپنی اوریل سرامکس کو صوبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ہرممکن سہولت دیں گے۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو چینی کمپنی کو نیاصنعتی یونٹ لگانے ہرممکن سہولت فراہم کرنے ہدایت کی۔ انہو ں نے کہا کہ اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مز ید کہاکہ سرمایہ کاری کو فروغ دے کر غربت اور بے روزگاری کے مسائل پر قابو پائیں گے، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل سلیم بھی ملاقات میں موجود تھے۔