پنجاب حکومت کا نئے ملازمین کیلئے الگ پنشن رولز بنانے کا فیصلہ

پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کو خود کفیل بنانے کے لیے بزنس ماڈل کی تیاری، پینشن کی مد میں واجبات کی ادائیگی کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری

871

لاہور: پنجاب حکومت نے نئے بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین کے لیے نئے پنشن رولز وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے رواں مالی سال میں اخراجات کے تخمینوں، جاری شدہ بجٹ کی تفصیلات اور موجودہ مالی صورتحال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہا کہ دستاویزات میں ترقیاتی بجٹ کا حجم بڑھا چڑھا کر دکھانا کوئی کمال نہیں۔ اداروں کی اصل کامیابی جاری کردہ ترقیاتی فنڈز کا موثر استعمال ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے تحت انفراسٹرکچر کے منصوبہ جات ترقیاتی فنڈز کے موثر استعمال کو یقینی بنائیں گے۔ بینکوں میں موجود سرکاری اداروں کے جامد فنڈز کو وسائل میں اضافے کا ذریعہ بنایا جائے گا۔ سرکاری اثاثوں میں اضافہ اور نجی شعبہ کے ساتھ اشتراک خزانے میں مزید گنجائش پیدا کرے گا۔ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا حجم پہلے سے بہتر ہو گا۔

اجلاس میں سیکرٹری خزانہ عبداللہ سنبل، ایڈیشنل سیکرٹری مجاہد شیر دل اور محکمے کے دیگر متعلقہ افسران نے شریک تھے۔ سیکرٹری خزانہ نے صوبائی وزیر کو رواں مالی سال میں محکمہ خزانہ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت جاری کردہ بجٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال میں اب تک ترقیاتی فنڈز کی مد میں جاری کردہ بجٹ کا 61.4 فیصد استعمال ہو چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جاری منصوبہ جات کی مد میں 54.46 فیصد، نئی سکیموں کے لیے جاری کردہ فنڈز کا 65.6 فیصد، دیگر سکیموں کے لیے جاری شدہ فنڈز کا 75.9 فیصد جبکہ بیرونی امداد سے چلنے والے منصوبہ جات پر جاری کردہ فنڈز کا 97.1 فیصد خرچ  کیا جا چکا ہے۔ سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو محصولات کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

بعد ازاں صوبائی وزیر خزانہ نے پنجاب سمال انڈسٹری کارپوریشن کی تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس کی بھی صدارت جس میں سیکرٹری صنعت، ایم ڈی سمال انڈسٹریز کارپوریشن شریک تھے جبکہ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال زوم لنک پر موجود تھے۔

ہاشم جواں بخت نے سیکرٹری انڈسٹریز کو پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کو خود کفیل بنانے کے لیے بزنس ماڈل کی تیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو خدمات پرائیویٹ زیادہ بہتر طور پر سے لی جا سکتی ہیں ان کے لیے پبلک سیکٹر میں اداروں کی تعداد میں اضافہ بلا جواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمال انڈسٹریز اپنی انفرادی خدمات کے دائرہ کار کو واضح کرے اور ادارے کی تنظیم نو کے لیے موثر بزنس پلان کی تیاری کو یقینی بنائے۔

اجلاس میں سمال انڈسٹریز کے لیے پینشن کی مد میں واجبات کی ادائیگی کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ ایم ڈی سمال انڈسٹریز نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے تحت پینشن فنڈ تشکیل دیا جا رہا ہے جو مستقبل میں پنشن سے متعلقہ مسائل کے حل میں معاون ثابت ہو گا۔ بزنس پلان کے ذریعے کارپوریشن کے اخراجات کا بوجھ کم کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here