وزارت صحت کو کووڈ۔19 ویکسین کی خریداری کی اجازت مل گئی

وفاقی کابینہ کا اجلاس، پریس کونسل پاکستان کے ارکان کی تعیناتی، ماہی گیری کی برآمدات کا معیار بڑھانے کیلئے انسپکشن کمیٹی قائم، پاکستان ایکسپو سنٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری

185

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزارت صحت کو کووڈ۔19 ویکسین کی خریداری کی اجازت دے دی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مچھ بلوچستان واقعہ میں شہید ہونے والے مزدورں، اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اسامہ ستی اور افواج پاکستان کے شہداء کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کابینہ کو کورونا وباء کی حالیہ صور ت حال پر بریفنگ دی۔

کابینہ نے پاکستان ایکسپو سینٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013ء کی شق نمبر21 کے تحت اپیلوں پر فیصلہ دینے کے لئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی، یہ کمیٹی صرف اس وقت تک مجاز ہو گی جب تک متعلقہ قانون میں ترامیم مکمل کر لی جائیں۔

اجلاس میں کابینہ ارکان نے پریس کونسل آف پاکستان کے ممبرز تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ملک میں ماہی گیری کے شعبہ سے برآمدات کے معیار کو بہتر کرنے کی خاطر انسپکشن کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی، یہ کمیٹی ملک میں قائم ہونے والے فش پراسیسنگ پلانٹس کی انسپکشن کے فرائض انجام دے گی، کمیٹی میں وزارت بحری امور، وزارت کامرس اور پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہیں۔

کابینہ نے ڈاکٹر رانا عبدالجبار کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر، آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ استعفی منظور کر لیا اور نئے سی ای او کی تعیناتی کے لئے سلیکشن کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی، نئی تعیناتی تک منیجنگ ڈائریکٹر پی پی آئی بی اس ادارے کی نگرانی کریں گے۔

کابینہ نے کمیٹی برائے قانونی کیسز کے 31 دسمبر 2020ء کو منعقدہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ وفاقی کابینہ نے انسانی جانیں بچانے کے لئے وفاقی وزارت صحت کو کووڈ۔19 ویکسین کی خریداری کی بھی منظوری دے دی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here