فیصل آباد: پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی پراجیکٹ اور سی پیک ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں 200 ایکڑ رقبہ پر ہیلتھ سٹی کے قیام کے منصوبہ پر کام شروع کر دیا گیا ہے جسے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کے مطابق ہیلتھ سٹی میں سرمایہ کاری کرنے والے ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو خصوصی سہولیات اور مراعات فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان میں تیار کردہ وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ این ڈی ایم اے کے حوالے
کارڈیک سٹنٹ کی مقامی سطح پر تیاری سے علاج کے اخراجات کم ہوں گے، وزیراعظم
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ اقدامات کی بدولت پاکستان آئندہ 10 سالوں میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں زبردست ترقی کر سکے گا۔ ہیلتھ سٹی میں ایسی بائیو میڈیکل مشینوں اور طبی آلات کی تیاری کو ترجیح دی جائے گی جو پاکستان ابھی تک بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے۔
میاں کاشف اشفاق کے مطابق اس طرح جہاں عالمی معیار کی طبی مشینری اور آلات مقامی سطح پر دستیاب ہو سکیں گے وہیں قیمتی زرمبادلہ اور وقت کے ضیاع سے بھی نجات ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ سٹی میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے علاوہ جوائنٹ وینچرز اور مقامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ سٹی میں سرمایہ کاری کیلئے پہلے ہی پانچ سے چھ کمپنیاں فیڈمک سے رابطہ میں ہیں جن کی جانب سے ہیلتھ سٹی میں بھاری سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے جبکہ مزید سرمایہ کاروں سے بھی رابطوں کا سلسلہ تیز کیا جا رہا ہے۔