’سال 2021ء مہنگائی کے خاتمے کا سال ہو گا‘

حکومت جنوبی پنجاب کیلئے آبادی کے تناسب سے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنے کی پالیسی بنا رہی ہے جس کا مقصد پسماندہ علاقوں میں غربت اور بے روزگاری کو ختم کرنا ہے، مخدوم خسرو بختیار

458

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ مثبت حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی کے خاتمے کا آغاز ہو گیا ہے، سال 2021ء پاکستان میں مہنگائی کے خاتمے کا سال ہوگا۔

اسلام آباد میں جنوبی پنجاب کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کے لئے آبادی کے تناسب سے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنے کی پالیسی بنا رہی ہے جس کا مقصد پسماندہ علاقوں میں غربت اور بے روزگاری کو ختم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر علاقوں کی طرح جنوبی پنجاب کے عوام نے بھی اپوزیشن کی منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اپنی سیاست ختم ہوتی نظر آ رہی ہے، انہیں معلوم ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستانی کرنسی ایشیا کی تیسری مضبوط ترین کرنسی بن چکی ہے، پاکستان پر عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور یہ تمام عوامل پاکستان کی ترقی کا مظہر ہیں۔

وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب ہمیشہ محرومیوں کا شکار رہا۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران جنوبی پنجاب کے 51 فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور تھے۔ ماضی میں جنوبی پنجاب کے لئے کاغذی کارروائی کی حد تک ترقیاتی منصوبے بنائے جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کے حقوق اور الگ صوبے سے محروم رکھنے کے لئے مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ تقسیم کی سیاست کی جبکہ وفاق کی نمائندہ جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کم ترقی یافتہ علاقوں کے عوام کے لئے مساوی حقوق پر یقین رکھتی ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح کے لئے الگ سیکرٹریٹ کا قیام، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی پولیس کی تقرری کے بعد انتظامی سیکرٹریوں کی تقرری اس بات کا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر نے وفد کے شرکاء کو یقین دلایا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ جنوبی پنجاب کے لئے مختص بجٹ جنوبی پنجاب ہی کہ عوام پر خرچ کیا جائے.

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here