ای سی سی اجلاس: 152 ٹیرف لائنز پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری

پاسکو سے خیبرپختونخوا کیلئے دو لاکھ میٹرک ٹن، آزاد کشمیر کیلئے 80 ہزار میٹرک ٹن، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کیلئے دو لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن اضافی گندم فراہمی کی منظوری بھی دیدی

614

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے نیشنل ٹیرف پالیسی 2019-24ء کے تحت 152 ٹیرف لائنز، جس میں بیشترخام مال شامل ہیں، پر دو فیصد کسٹم ڈیوٹی کے خاتمہ کی منظوری دے دی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں میں وزارت تجارت کی جانب سے نیشنل ٹیرف پالیسی 2019-24ء کے تحت 152 ٹیرف لائنز، جن میں بیشتر خام مال شامل ہیں، پر دو فیصد کسٹم ڈیوٹی کے خاتمہ سے متعلق سمری پیش کی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سمری کی منظوری دی اور کاروبار اور صنعتوں کیلئے اہم مراعات و ترغیبات کی منصوبہ بندی میں بجٹ کے سائیکل کو ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کی تاکہ مالی سال میں اس کے سہل نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں وزارت میری ٹائم افئیرز کی جانب سے گلستان بے نظیر ٹاون شپ پورٹ قاسم اتھارٹی کراچی میں بنیادی ڈھانچہ کی سہولیات، سیوریج اور فراہمی آب کے نظام کیلئے کنٹریکٹ دینے سے متعلق سمری پیش کی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی کیو اے ایکٹ 1973ء کے تحت سمری کی اصولی طور پر منظوری دے دی اور وزارت میری ٹائم افئیرز کو قانون کے مطابق کنٹریکٹ جاری کرنے کیلئے طریقہ کار طے کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کو اضافی گندم کی فراہمی سے متعلق تفصیلی سمری پیش کی گئی۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے اجلاس کے شرکاء کو ملک بھر میں گندم کے ذخائر سے متعلق آگاہ کیا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے درخواست کے مطابق پاسکو سے خیبرپختونخوا کیلئے دو لاکھ میٹرک ٹن، آزاد جموں و کشمیر کیلئے 80 ہزار میٹرک ٹن اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کیلئے دو لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن اضافی گندم کی فراہمی کی منظوری دی۔

اجلاس میں تمام متعلقہ فریقین سے رائے لینے کے بعد نئی فصل کی پیداوارکے حصول تک اضافی گندم کی درآمد کی منظوری بھی دی گئی۔

ٹیکسٹائل اینڈ ایپرل پالیسی 2020-25ء اور نیشنل فریٹ اینڈ لاجسٹک پالیسی سے متعلق سمریاں جامع مشاورتی عمل کیلئے آئندہ اجلاس تک موخر کر دی گئیں۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹروں کیلئے فاضل پرزہ جات کی خریداری کے ضمن میں وزارت دفاع تین کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی نے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق اضافی کورٹس کے قیام کے ضمن میں وزارت قانون کیلئے 40 کروڑ 20 لاکھ روپے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے آئی ڈی اے کریڈٹ فیسلیٹی کے تحت 2.268 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔

ای سی سی کے اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر صنعت حماد اظہر، وزیر خوراک فخر امام، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود و دیگر نے شرکت کی جبکہ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر ویڈیو لنک کے ذریعہ اجلاس میں شریک ہوئے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here