اسلام آباد: پاکستان نے جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران سب زیادہ درآمدات چین، متحدہ عرب امارات اور سنگاپور سے کیں۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر 2020ء تک کی مدت میں چین سے 4.523 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 12.38 فیصد زیادہ ہیں۔
گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) تک کی مدت میں چین سے درآمدات کا حجم 4.025 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
چین کو پاکستانی برآمدات میں 19 فیصد کمی، درآمدات میں 12 فیصد اضافہ
پانچ ماہ میں بنگلہ دیش کو برآمدات میں 35 فیصد کمی، درآمدات میں 62 فیصد اضافہ
رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں درآمدات کے حوالہ سے یو اے ای دوسرا بڑا ملک ثابت ہوا، یواے ای سے 2.709 ارب ڈالر مالیت کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 11.74 فیصد کم ہیں، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں یو اے ای سے 3.07 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں تھیں۔
سنگا پور درآمدی فہرست میں تیسرا بڑا ملک ہے، جولائی سے نومبر تک کے عرصہ میں سنگاپور سے 1.112 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 21.25 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سنگاپور سے 917.70 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب سے پانچ ماہ میں درآمدات میں 28.84 فیصد اور امریکا سے درآمدات میں 8.79 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران سعودی عرب سے 802.49 ملین ڈالر اور امریکا سے 622.85 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں۔