اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے طلب و رسد میں خلیج کی نشاندہی، ضروری اشیاء کی بلاتعطل فراہمی، ذخیرہ اندوزی اورسمگلنگ پر کڑی نظر رکھنے کیلئے وفاق اور صوبائی حکام کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیر خزانہ نے چینی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کی قیادت میں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی کی، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے سیکرٹری اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کمیٹی کے ارکان ہوں گے، کمیٹی چینی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے جامع اقدامات، تجاویز اور سفارشات مرتب کرے گی۔
سوموار کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں حماد اظہر، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر وقارمسعود، صوبائی چیف سیکرٹریز، سیکرٹری خوراک، سپشل سیکرٹری تجارت،چئیرمین ایف بی آر، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی، مسابقتی کمیشن کے ممبران، ٹریڈنگ کارپویشن آف پاکستان کے چئیرمین، پاسکو اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹرز، نیشنل اکائونٹس کے ممبران اور وزارت خزانہ کے سینئیرافسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں چینی، گندم اور خوردنی تیل سمیت روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کو بتایا کہ قومی پرائس مانٹرنگ کمیٹی کی موثر نگرانی کی وجہ سے دسمبر 2020ء میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ آٹھ فیصد ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ دسمبر 2019ء میں 12.6 فیصد کی سطح پر تھا۔
اجلاس میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ اشیائے خوراک کی مہنگائی میں خاطرخواہ کمی ہوئی ہے، شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں ماہانہ بنیادوں پر 2.1 فیصد اور دیہی علاقوں میں 3.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر گزشتہ ہفتہ میں مہنگائی کی شرح میں 0.7 فیصد کی کمی ہوئی، گزشتہ ہفتہ ٹماٹر، پیاز، آلو اور چکن سمیت روز مرہ استعمال کی دس اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کی موثر نگرانی کی وجہ سے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا رحجان دیکھنے میں آ رہا ہے، انہوں نے طلب اور رسد میں خلیج کی نشاندہی، خلیج کو کم کرنے کیلئے ضروری اقدامات اور ضروری اشیاء کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وفاق اور صوبائی حکام کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ عام آدمی کو معقول نرخوں پر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس میں سندھ اور بلوچستان میں آٹے کی قیمتوں میں فرق کی نشاندہی کی گئی جس کا اظہار پاکستان بیورو آف شماریات کے ڈیٹا میں بھی کیا گیا ہے، وزیرخزانہ نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو صوبوں میں آٹے کی سہل اندازمیں فراہمی کیلئے ضرورت پڑنے پر اقدامات اور آئندہ اجلاس میں اس حوالہ سے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر خزانہ نے بالخصوص گندم اور چینی کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے امکانات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی تاکہ دونوں اشیاء کی معقول نرخوں پر بلاتعطل اور سہل فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے چینی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اٹھائے جانے والے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیرخزانہ نے اس ضمن میں وزیر صنعت و پیداوار کی قیادت میں کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے سیکرٹری اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کمیٹی کے ممبران ہوں گے، کمیٹی کو چینی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے جامع اقدامات، تجاویز اور سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔
مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد نے چینی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ ڈاکٹرعبدالحفیط شیخ نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے حکام طلب اور رسد کی موثرنگرانی کے ذریعہ عام صارفین کو مناسب نرخوں پر روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی فراہمی کو ممکن بنا سکتے ہیں۔