اسلام آباد: پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 117.77 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اس عرصہ میں روس کو پاکستانی برآمدات میں 7.24 فیصد اور روس سے درآمدات میں 221.95 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر نومبر 2020ء تک کی مدت میں روس کو پاکستانی برآمدات کا حجم چار کروڑ 28 لاکھ 40 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7.50 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوروان روس کو پاکستانی برآمدات کا حجم تین کروڑ 98 لاکھ 50 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
نومبر 2020ء میں روس کو پاکستانی برآمدات کا حجم 10.57 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال نومبر میں 7.24 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال میں روس سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 221.95 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جولائی سے نومبر 2020ء تک روس سے درآمدات کا حجم 13 کروڑ 58 لاکھ 135 ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں چار کروڑ 21 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
نومبر 2020ء میں روس سے درآمدات کا حجم 57.24 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ سال نومبر میں 10.71 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مالی سال 2019-20ء کے دوران روس کو پاکستان کی برآمدات کا مجموعی حجم 130.09 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ روس سے مجموعی طور پر 218.20 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئیں تھیں۔