لاہور: ملک میں جاری کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں نہ سیٹی بجے گی اور نہ سٹیج سجے گا کیونکہ اس بار پی ایس ایل 6 افتتاحی تقریب کے بغیر ہی شروع ہو گا۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) کے ڈائریکٹر ندیم خان نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ کے مطابق اس برس منععقد ہونے والے پی ایس ایل کے ایڈیشن میں شائقینِ کرکٹ گراؤنڈز میں میچ نہیں دیکھ پائیں گے، تاہم ہم صورت حال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن وقت پر ہی کھیلا جائے گا اورغیرملکی کھلاڑیوں نے مذکورہ ایڈیشن کے لیے اپنی دستیابی کی تصدیق بھی کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان کرکٹ بورڈ کو ’کمائو پوت‘ کیسے بنایا جائے؟
پی ایس ایل میں مالی بے قاعدگیاں، پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی
ایک سپورٹس نیوز ویب سائٹ کے ساتھ گفتگو میں ندیم خان نے کہا کہ اگر کووڈ-19 کی صورت حال بہتر ہو جاتی ہے تو ہم کم سے کم تماشائیوں کی سٹیڈیم میں موجودگی میں میچز کا انعقاد کرائیں گے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں لیگ کا ڈرافٹ منعقد کیا جائے گا اور ٹورنامنٹ کا آغاز 20 فروری سے ہو گا۔