لاہور: ایڈوب فلیش پلئیر کو 2021ء میں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کی وجہ سکیورٹی مسائل ہیں۔
ایڈوب نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ فلیشن پلئیر کو اَن انسٹال کر دیں کیونکہ ان کا یہ سافٹ وئیر کئی سکیورٹی مسائل کا سامنا کر رہا ہے اور سمارٹ فونز کے دور میں کمپیوٹرز کے لیے کچھ زیادہ فائدہ مند نہیں رہا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق 1996ء میں ایڈوب فلیش پلئیر کا آغاز کیا گیا تھا جو 2009ء تک دنیا بھر میں 99 فیصد کمپیوٹرز پر انسٹال کیا تھا۔
تاہم تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے باعث زیادہ تر صارفین کمپیوٹرز کی بجائے سمارٹ فونز استعمال کر رہے ہیں اس لیے ایڈوب فلیش پلئیر کو جلد ہی صارفین نے ترک کر دیا، حتیٰ کہ فیس بک، نیٹ فلکس اور یوٹیوب جیسی کمپنیاں صارفین کو فلیش پلئیر کے بغیر ہی سمارٹ فونز پر ویڈیو اسٹریمنگ کی سہولت دے رہی ہیں۔
ایڈوب نے اعلان کیا ہے کہ 12 جنوری 2021ء کو تمام ایڈوب فلیش پلئیر مواد بلاک کر دیا جائے گا، کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر اس بابت ونڈوز اور میک کمپیوٹرز سے فلیش پلئیرز ہٹانے کی ہدایات دے دی ہیں۔