مشرقی ایشیائی ممالک سے پاکستان کی درآمدات میں 10 فیصد اضافہ، برآمدات میں 11 فیصد کمی

جولائی سے نومبر تک مشرقی ایشیائی ممالک (چین، ہانک کانگ، جاپان، جنوبی کوریا) کو پاکستانی برآمدات کا حجم 907.49 ملین ڈالر رہا جبکہ ان ملکوں سے 5.653 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئیں

654

اسلام آباد: پاکستان اور مشرقی ایشیا کے ممالک چین، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا اور جاپان کے درمیان دوطرفہ  تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جاری مالی سال میں ان ممالک سے درآمدات میں اضافہ جبکہ برآمدات میں کمی کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق جولائی سے لے کر نومبر 2020ء تک کی مدت میں مشرقی ایشیا کے ممالک چین، ہانک کانگ، جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ملکوں کو پاکستانی برآمدات کا حجم  907.49 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 11.54 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.012 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: 

نئی پالیسی کے تحت ٹیکسٹائل ایکسپورٹس کا ہدف 20.86 ارب ڈالر مقرر

جولائی تا نومبر: پاکستانی ٹیکسٹائل ایکسپورٹس میں پانچ فیصد اضافہ

اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2020ء میں مشرقی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 240.95 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ سال نومبر میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 204.24 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران مشرقی ایشیائی  ممالک سے درآمدات میں 10.41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکر نومبر 2020ء تک کی مدت میں مشرقی ایشائی ممالک سے درآمدات کا حجم  5.653  ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال 5.120 ارب  ڈالر تھا۔

اسی طرح نومبر 2020ء کے دوران ان ممالک سے درآمدات کا حجم 1.217 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال نومبر میں 1.044 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے دوران مشرقی ایشیائی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا مجموعی حجم  2.262 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ مشرقی ایشیائی ممالک سے درآمدات کا حجم 12.007 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جس میں سب سے زیادہ حصہ چین سے منگوائی گئی درآمدات کا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here