لاہور: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی ہدایت پر پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) نے غیر رجسٹرڈ مصنوعات کیخلاف جاری آپریشن کے دوران لاہور کے علاقہ گرین ٹاون میں تین بڑے سپرسٹورز پر چھاپے مار کر 50 سے زائد برانڈز کی مصنوعات ضبط کر لیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے عبدالعلیم میمن نے ڈائریکٹر ایس ڈی سی، سی اے لاہور زون محمد یسین اختر کو غیر معیاری اور غیررجسٹرڈ مصنوعات سے نمٹنے کا ٹاسک سونپا جس پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے فوری طور پر اوپن مارکیٹ سرویلنس شروع کر دی۔
پی ایس کیو سی اے ایکٹ کے سیکشن 14 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے لاہور کے دو بڑے سپرسٹورز پر رکھے گئے 50 سے زائد سکن کریم، ہیئر کلر، شیمپو، ہلدی، سرخ مرچ، صابن، شہد، جام، پانی، دودھ، نمک،ایل ای ڈی بلب اور دیگر برانڈز کا بھاری سٹاک ضبط کر لیا گیا۔
مارکیٹ سے اٹھائے گئے سٹاک کی سیمپلنگ بھی کی جائے گی اور لیبارٹری ٹیسٹ پاس نہ کرنے والی مصنوعات بنانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی، گمنام برانڈز کے یونٹ تلاش کرکے بند کروا دیا جائےگا۔
دوسری جانب لاہور میں سپرسٹورز مالکان نے غیرقانونی اور غیرمعیاری برانڈز کیخلاف پی ایس کیو سی اے کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، اس سلسلہ میں سپرسٹورز ایسوسی ایشن اور پی ایس کیو سی اے کے مشترکہ سیشن کروائے جائیں گے جن میں غیرقانونی برانڈز کی نشاندہی کرتے ہوئے ایسے برانڈز کا سامان شہر بھر کے سٹورزسے ہٹوا دیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے عبدالعلیم میمن کا کہنا ہے کہ غیر معیاری، غیرقانونی اور بغیر لائسنس کاسمیٹکس اور دیگر اشیاء خوردونوش رکھنا، بنانا اور فروخت کرنا غیر قانونی ہے، ایسی کمپنیوں کیلئے کسی قسم کی رعایت نہیں۔
انہوں نے سٹور مالکان کو بھی ہدایت کی ہے کہ صرف پی ایس کیو سی اے کا سی ایم لائسنس رکھنے والی کمپنیوں کی مصنوعات ہی فروخت کریں۔