ٹرمپ نے عارضی ورکرز کے امریکا داخلے پر پابندی میں توسیع کر دی

634

واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  بزنس گروپس اور صنعتکاروں کی مخالفت کے باوجود گرین کارڈ کے حصول کی درخواستوں اور غیر ملکی عارضی ورکرز کے ملک میں داخلے پر عائد پابندی میں 31 مارچ 2021ء تک توسیع کر دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز پابندی میں توسیع کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس سے متاثرہ معیشت کے دوران امریکی ورکرز کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

امریکی گرین کارڈ کے حصول کی درخواستوں اور غیرملکی ورکرز کے امریکا میں داخلے پر اپریل 2020ء میں پابندی عائد کی گئی تھی جو 31 دسمبر کو ختم ہونا تھی جس پر امریکی کاروباری گروپس نے شدید مخالفت کی لیکن صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز پابندی کی مدت ختم ہونے سے پہلے اس میں توسیع کر دی۔

دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے پابندیوں میں توسیع کے اقدام پر تنقید کی تاہم پابندیاں ختم کرنے کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث دو کروڑ افراد اب بھی بے روزگار ہیں جس کے باعث امریکی صدر کے غیرملکی ورکرز پر پابندی کے اقدام کو کیلی فورنیا کے وفاقی جج نے اکتوبر 2020ء میں معطل کر د یا تھا۔

عدالت نے کہا تھا کہ یہ کاروباروں کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہو گا جس پر امریکی محکمہ انصاف نے امریکا سرکٹ کورٹ آف اپیلز میں اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی جس پر سماعت 19 جنوری 2021ء کو ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here