کیا ملٹی نیشنل کمپنی IKEA واقعی پاکستان آ رہی ہے؟

جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل نے IKEA کی پاکستان آمد سے متعلق اپنا ٹویٹ ہٹا دیا، سرمایہ کاری بورڈ، وزارت تجارت اور ایس ای سی پی معاملے سے لاعلم

1144

اسلام آباد: پاکستانی میڈیا پر جمعرات (31 دسمبر) کو یہ خبریں سامنے آئیں کہ فرنیچر بنانے والی معروف ملٹی نیشنل کمپنی IKEA پاکستان میں اپنے کاروبار کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔

دراصل اِن خبروں کا محرک پاکستان کے جرمنی میں سفیر ڈاکٹر محمد فیصل کا وہ ٹویٹ تھا جو انہوں نے IKEA کے پاکستان میں کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے کیا، تاہم حیرت انگیز طور پر کچھ ہی دیر بعد یہ ٹویٹ ہٹا دیا گیا، اس کے بعد سے ڈاکٹر فیصل نے معاملے کے حوالے سے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔

اس حیرت میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب بیرونی کمپنیوں کو ڈیل کرنے والے پاکستانی ادارے اور وزارت بھی معاملے سے بے خبر نکلی، اور تو اور وزیراعظم آفس کے براہ راست زیرنگرانی کام کرنے والے سرمایہ کاری بورڈ کے متعلقہ حکام بھی IKEA کے پاکستان آنے سے متعلق لاعلم نکلے۔

سرمایہ کاری بورڈ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ IKEA کی جانب سے پاکستان میں فی الوقت کسی قسم کی سرمایہ کاری نہیں کی جا رہی ، نا ہی اس حوالے سے کسی مرحلے پر بات چیت جاری ہے۔

اسی طرح وزارت تجارت اور مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری کے دفتر کے حکام نے بھی مذکورہ فرنیچر ساز عالمی فرم کی پاکستان میں ممکنہ سرمایہ کاری سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا، سیکریٹری کامرس بھی معاملے سے بے خبر تھے۔

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ترجمان نے بتایا کہ کمیشن کو مذکورہ کمپنی کی جانب سے رجسٹریشن کیلئے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

تاہم ایس ای سی پی کی ویب سائٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ IKEA ٹریڈنگ (ہانگ کانگ) لمیٹڈ نامی ایک کمپنی 2006ء سے ایس ای سی پی میں رجسٹر ہے، اسی طرح IKEA سپلائی اے جی سوئٹزرلینڈ نامی کمپنی کراچی میں 2015ء سے رجسٹر ہے۔

پرافٹ اردو کی جانب سے IKEA کا موقف جاننے کیلئے بھی رابطہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے کمپنی کے سویڈن اور نیدرلینڈز میں دفاتر کو ای میل بھیجی گئی ہے لیکن تاحال کمپنی کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

اس سے قبل پاکستانی سفیر کے ٹویٹ کے حوالے سے میڈیا میں یہ خبریں نشر ہوئیں کہ دنیا کے بڑے فرنیچر ریٹیلرز میں سے ایک IKEA پاکستان میں آپریشنز کا آغاز کرنے جا رہی ہے، اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فیصل نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ملاقات IKEA کے ڈائٹر میٹکے (Dieter Mettke) سے ہوئی ہے جو پاکستان میں کمپنی کے کاروبار کے انچارج ہوں گے۔

IKEA کیا ہے؟

اس کمپنی کی بنیاد 1943ء میں سویڈن میں معروف کارباری شخصیت انگوار کمپارڈ ( Ingvar Kamprad) نے رکھی تھی ، 2008ء سے کمپنی کا شمار فرنیچر سازی کی بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ہو رہا ہے، یہ کمپنی ریڈی ٹو اسمبل فرنیچر، کچن کا سامان اور گھریلو استعمال کی چیزیں تیار بناتی اور فروخت کرتی ہے۔

گزشتہ چند سالوں کے دوران یورپ اور شمالی امریکا میں اس کی مصنوعات کی فروخت کم ہونے کی وجہ سے اب یہ ایشیا اور جنوبی امریکی ممالک میں قدم جمانے کیلئے کوشاں ہے، خاص طور پر مشرق وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی مارکیٹس اس کے اہداف میں شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here