پاکستان کی برآمدات میں 18.3 فیصد اضافہ

دسمبر 2020ء میں قومی برآمدات 2.357 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، یہ برآمدات دسمبر 2019ء میں 1.993 ارب ڈالر تھیں، رزاق دائود

1144

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ دسمبر 2020ء کے دوران پاکستان کی برآمدات میں 18.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں مشیر تجارت نے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت دسمبر 2020ء میں قومی برآمدات 364 ملین ڈالر اضافہ سے 2.357 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، یہ برآمدات دسمبر 2019ء میں 1.993 ارب ڈالر تھیں، یوں دسمبر کے مہینے میں یہ تاریخ کی بلند ترین برآمدات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال 2020-21ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران پاکستان کی برآمدات میں گزشتہ مالی کی اسی مدت کے مقابلہ میں 4.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

بدلتا ہوا معاشی منظر نامہ، سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں نمایاں  کمی

چین کو پاکستانی برآمدات میں 19 فیصد کمی، درآمدات میں 12 فیصد اضافہ

پانچ ماہ میں مچھلی اور جھینگوں کی برآمدات میں ایک کروڑ 79 لاکھ ڈالر کمی

چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں پانچ ماہ کے دورا ن 5.66 فیصد اضافہ

پانچ ماہ میں بنگلہ دیش کو برآمدات میں 35 فیصد کمی، درآمدات میں 62 فیصد اضافہ

مشیر تجارت کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی برآمدات کا مجموعی حجم 12.1 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران 11.5 ارب ڈالر تھا۔

رزاق دائود نے کہا کہ برآمدات میں یہ اضافہ پاکستان کی معیشت کی پائیداری کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ کورونا وباء کے دوران حکومت پاکستان کی معیشت کا پہیہ چلاتے رہنے کی پالیسی ٹھیک تھی۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں برآمدات بڑھانے کے لئے ہمارے برآمد کنندگان تعریف کے مستحق ہیں، میری برآمد کنندگان سے درخواست ہے کہ وہ بین الاقوامی برآمدات کا زیادہ حصہ حاصل کرنے کی کوشش کریں، برآمد کنندگان ملک کا بہت بڑا سرمایہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here