قومی شاہرہ این فائیو کی مرمت کیلئے چین 10 کروڑ ڈالر گرانٹ دے گا

638
قومی شاہراہ این فائیو کا میاں چنوں جنگلات کے قریب خوبصورت منظر (فوٹو: ایمرجنگ پاکستان)

اسلام آباد: چین نیشنل ہائی وے (این فائیو) کی مرمت کیلئے پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر گرانٹ فراہم کرے گا۔ اس ضمن میں دونوں ممالک نے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔

پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے جمعرات کو وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

مخدوم خسرو بختیار نے مالی معاونت پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے سی پیک کے تحت سماجی و اقتصادی ترقی اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پر دونوں ممالک کے مشترکہ ورکنگ گروپس کی پیش رفت کی تعریف بھی کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبے پاکستان کی موجودہ حکومت کے معاشی و سماجی شعبہ کی ترقی کے وژن کے مطابق ہیں تاکہ عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری لائی جائے اور ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

ملاقات میں چین کی حکومت کے مالی تعاون سے جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ خسروبختیار نے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا اور ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے چین کی معاونت کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر قومی شاہراہ این فائیو کے مخصوص حصوں کی مرمت کیلئے لیٹر آف ایکسچینج پر دستخط کئے گئے۔ اس معاہدے کے تحت چین کی حکومت این فائیو کے 65 کلومیٹرحصہ (ہالہ سے مورو تک) کی مرمت کیلئے 100 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کرے گی۔ اس منصوبہ سے بنیادی ڈھانچہ کی بہتری اور شمال جنوب رابطوں کو فروغ  ملے گا۔

پاکستان میں چین کے سفیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی حکومت کی درخواست پر چین نے 2011ء اور 2016ء میں این فائیو اور این 55 کی مرمت میں معاونت فراہم کی تھی، پاکستانی اور چینی ورکرز کی مشترکہ کوششوں سے مرمت و بحالی کا کام 2016ء کے وسط تک مکمل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ این فائیو کی اہمیت کے پیش نظر چین کی حکومت سابقہ دوطرفہ معاہدے کے تحت سڑک کے باقی ماندہ 66 کلومیٹرحصہ کی مرمت و بحالی کیلئے آمادہ ہو گئی ہے۔ یہ حالیہ برسوں میں چینی معاونت کے ساتھ کسی شاہراہ کی مرمت کا بڑا پراجیکٹ ہے، اس سے ٹریفک کی استعداد میں اضافہ ہو گا اور شہریوں کو سہولت ملے گی۔

چینی سفیر نے کہا کہ چینی سفارت خانہ وزارت اقتصادی امور و دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر منصوبہ کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کو یقینی بنائیگا۔ انہوں نے ایک چینی قول ”امیر ہونے کیلئے پہلے سڑک بنائو“ کا حوالہ دیا اور امید ظاہر کی اس منصوبہ سے پاکستان کے شہریوں کو بھرپور فائدہ ہو گا۔

واضح رہے کہ این فائیو پاکستان کی سب سے طویل ترین شاہراہ ہے جو کراچی سے شروع ہو کر طورخم بارڈر تک جاتی ہے، یوں یہ شاہراہ تین صوبوں سے گزرتے ہوئے ملک کے جنوبی علاقوں کو مغربی سرحد سے ملا رہی ہے، ایک ہزار 819 کلومیٹر طویل اس شاہراہ پر مسافر اور تجارتی گاڑیوں کی آمدورفت بھی زیادہ ہے، بدقسمتی سے 2010ء کے سیلاب سے اس سڑک کو سخت نقصان پہنچا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here