اسلام آباد: سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے پچیس ارب بائیس کروڑ روپے کی لاگت کا منصوبہ گریٹر کراچی واٹر سپلائی (کے فور) حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا۔
گزشتہ روز ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت کے تین منصوبے منظور کیے گئے جبکہ گریٹر کراچی واٹر سپلائی پراجیکٹ ایکنک کو حتمی منظوری کے لئے بھجوا دیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں گورننس، فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں سے متعلق منصوبے پیش کئے گئے۔
اجلاس میں گورننس سیکشن سے متعلق ایک پروجیکٹ “ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز” جس کی کل لاگت 13 کروڑ 37 لاکھ روپے ہے، منظور کیا گیا، اس پروگرام کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو پلاننگ کمیشن کے مختلف سیکشنز میں تعینات کر کے ان کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنا ہے۔
اجلاس میں فزیکل پلاننگ کے شعبے سے متعلق دو منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم (کے فور) پیش کیا گیا جس کی مجموعی لاگت 25 ارب 22 کروڑ روپے سے زائد ہے، اجلاس کے شرکاء نے کے فور پراجیکٹ کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بجھوا دیا۔
ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان نے اس منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پانی کی شدید قلت ہے، لہٰذا اس منصوبے کو تیزرفتاری سے مکمل کرنے کی ضرورت ہے اور اس بات کی یقین دہانی کی جائے کہ اس منصوبے پر کام کرنے والے تمام ادارے اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اجلاس میں ماڈل ایریاز یو سی 99، 100 اور 101 لاہور میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے منظور کر لیا گیا۔
اجلا س میں تعلیم سے متعلق آئی سی ٹی اسلام آباد (فیز ٹو) میں وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحاتی پروگرام کے تحت دو سو تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کی تزئین و آرائش اور بحالی کا کا منصوبہ پیش کیا گیا جس پر تین ارب سے زائد لاگت آئے گی، اجلاس کے شرکاء نے منصوبے کی منظوری دے دی، اس منصوبے کے تحت اسلام آباد کے اسکولوں میں کلاس رومز کی تعمیر، انفرااسٹرکچر کی مرمت، تزئین و آرائش، فرشوں کی مرمت، بانڈری وال کی تعمیر، خاردار تاروں کی فراہمی، پانی کے ٹینک کی تعمیر وغیرہ شامل ہے۔
سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی سہولیات کی بحالی کے لئے کنسیپٹ کلیئرنس پیپر منظور کر لیا جس کے تحت ممکمل ہونے والے منصوبے پر چار ارب روپے لاگت آئے گی، اس کیلئے جائیکا بھی مالی معاونت فراہم کرے گی جبکہ واسا اور ایم ڈی اے اس پر عملدرآمد کروائیں گے۔