لاہور: وفاقی حکومت نے ایک بار پھر عوام کو جھٹکا دیتے ہوئے بجلی 18 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی ہے۔
وفاقی وزارت توانائی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق حالیہ 18 پیسے فی یونٹ اضافے کے بعد ملک میں بجلی کی اوسط قیمت 13 روپے 53 پیسے فی یونٹ ہو گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی 15 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے لیکن 300 سے اضافی یونٹس استعمال کرنے پر بجلی کے نرخ مزید تین پیسے اضافے کے ساتھ یعنی 18 پیسے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے۔
بجلی کا اضافی ٹیرف رواں ماہ سے لاگو ہو گا اور آئندہ دس ماہ تک برقرار رہے گا۔
وزارت توانائی کے علاوہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بھی تین ترسیلی کمپنیوں (ڈسکوز) کیلئے بجلی کے نرخ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
سوموار کو نیپرا کی جانب سے کہا تھا کہ میپکو، گیپکو اور سیپکو کیلئے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیا جائے گا، تاہم نیپرا کے ٹیرف میں اضافے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت ہی کرے گی۔
ادھر ترجمان پاور ڈویژن نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ نرخ میں 18 پیسے اضافے کا صارفین کیلئے موجودہ ٹیرف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ جو ٹیرف پہلے نافذ تھا وہ اسی تاریخ سے ختم ہو رہا ہے تمام سلیب کیلئے اسی تناسب سے اس اضافے وہی قیمت آئے گی جو پہلے سے نافذ ہےاس لئے بجلی کی موجودہ قیمت فی یونٹ ہی برقرار رہے گی۔