اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے آن لائن ویزے جاری ہوں گے، 16 فروری سے نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ کر دیں گے۔
بدھ کو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ہیڈکوارٹرز میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے پرانے سیکٹرز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کم آمدن والے اور مزدور طبقہ کیلئے ایف 13 سیکٹر میں رہائشی سہولیات اور فلیٹس فراہم کئے جائیں گے، دو مارچ کو اس منصوبہ کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ ایف سکس اور ایف سیون کی کچی آبادیوں کیلئے آئی نائن اور فراش ٹائون میں فلیٹس اور رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے سی ڈی اے کے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو فی الفور مستقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کی مزدور یونین سے جلد ملاقات کروں گا اور ان کے مسائل سنوں گا، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 240 پارکس کو دو ماہ میں بحال کرکے ان کی تزئین و آرائش کی جائے گی، لیڈیز کلب اور کلچرل کمپلیکس بھی بحال کئے جائیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزارت داخلہ یکم جنوری 2021ء سے افغانستان اور چین سمیت مختلف ممالک کیلئے آن لائن ویزا شروع کرے گی، اس سلسلہ میں بہت سی شکایات ملتی تھیں جن کا اب شکایات ازالہ ہو گا، 191 ملکوں کے شہریوں کو آن لائن ویزا ملے گا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے جو دعویٰ کیا تھا وہ پورا ہوا، پیپلز پارٹی سینٹ الیکشن میں حصہ لے رہی ہے، ضمنی الیکشن بھی لڑے گی، اقامے لینے والے تمام منی لانڈررز بےنقاب ہو گئے ہیں، اقامے لینے کا مطلب یہ ہے کہ ان کو اپنی دھرتی پر اعتماد نہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ 16 فروری 2020ء کو نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔ سارے چور اکٹھے ہو چکے ہیں، ان کے اکائونٹس سے پیسے نکلتے ہیں اور یہ ان کو برداشت نہیں ہے، جب یہ بے نقاب ہو رہے ہیں تو واویلا کر رہے ہیں کہ ہم سے انتقام لیا جا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ بدستور موجود ہے، اسلام آباد میں موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل ایگل سکواڈ متعارف کرائیں گے، اقتصادی رابطہ کمیٹی سے جلد اس کی منظوری لی جائے گی۔
اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کے حوالہ سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں، جنہوں نے مذاکرات کرنے ہیں وہ آ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں صحافیوں کیلئے رہائشی منصوبہ شروع کیا جائے گا، جن صحافیوں کو پہلے پلاٹ ملے ہیں ان کو نہیں ملیں گے، اسلام آباد میں جرائم کی صورت حال پر میری نظر ہے، پولیس ناکے ختم کر دیئے ہیں کیونکہ ان ناکوں پر آدھا آدھا گھنٹہ لوگ خوار ہوتے تھے، تلاشیاں لی جاتی تھیں اور تنگ کیا جاتا تھا۔