افغانستان نے پاکستانی کینو پر امپورٹ ڈیوٹی عائد کر دی

امپورٹ ڈیوٹی میں اچانک 30 فیصد اضافے کی وجہ سے پاکستانی برآمدکنندگان کو بھاری نقصان کا خدشہ، کینو کی برآمد روک کر مقامی مارکیٹ میں سستے داموں بیچنے پر مجبور، حکومت سے مسائل حل کرنے کی استدعا

1112

اسلام آباد: افغانستان نے پاکستانی کینو کی درآمد پر30 فیصد ڈیوٹی عائد کر دی، کینو کے برآمدکنندگان کو اس اقدام سے ایک لاکھ میٹرک ٹن کینو مقامی مارکیٹ میں سستے داموں بیچنے سے بھاری نقصان ہو رہا ہے۔

افغانستان کی جانب سے پاکستانی کینو پر امپورٹ ڈیوٹی ایسے وقت عائد کی گئی جب دونوں ممالک کے درمیان پریفرینشل ٹریڈ ایگریمنٹ (پی ٹی اے) کے علاوہ دیگر معاہدوں پر بھی دستخط ہونا تھے۔

وزارتِ تجارت کو بھیجے گئے ایک خط کے مطابق پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) نے آگاہ کیا ہے کہ افغانستان نے پاکستان سے کینو کی وافر مقدار کے باعث ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے پاکستان کسٹمز کی جانب سے افغانستان سے آنے والے انگوروں کی قیمت بھی بڑھے گی۔

اس وقت افغانستان نے کینو کی قیمت گزشتہ برس کے 124 ڈالر فی ٹن کے مقابلے میں 272 ڈالر فی ٹن لگائی ہے جبکہ افغانستان میں درآمدی سٹیج پر کسٹم ڈیوٹی 30 فیصد کر دی گئی ہے۔

پاکستان کسٹمز انگوروں پر ان کی 450 ڈالر فی ٹن قیمت کے برعکس 700 ڈالر فی ٹن کا اندازہ لگارہا ہے جبکہ انگوروں پر کسٹم ڈیوٹی 10 فیصد ہے۔

ایسوسی ایشن نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کیٹیگری 2 کی برآمدات یعنی چھوٹے سائز کے کینو افغانستان کو برآمد کررہا ہے جو اس کے علاوہ کسی بھی ملک میں برآمد نہیں کیے جاتے اسی وجہ سے کینو برآمدکنندگان کے لیے افغانستان کو کینو برآمد کرنا ایک زندگی کی حیثیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

سری لنکا نے پاکستانی کینو پر اضافی ٹیکس کا فیصلہ واپس لے لیا

پھلوں کی برآمدات میں 3.80 فیصد، سبزیوں میں 27.95 فیصد اضافہ

جاری مالی سال کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں کمی

ٹیکسوں میں اچانک سے اضافے سے برآمدات کو دھچکا لگا ہے کیونکہ برآمدکننگان کے پاس اس کے علاوہ کوئی آپشن بھی نہیں ہے، برآمدکنندگان افغانستان کوکینو کی کیٹیگری 2 کی برآمدات روک کر مقامی منڈی میں سستے داموں کینو بیچنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان افغانستان سے قلیل مقدار میں انگور درآمد کر رہا ہے جبکہ انگوروں کی درآمدات ان کی اصل قیمت پر درآمد کرنے کی اجازت سے افغان کسٹمز حکام کو کینو کی قیمت ٹھیک کرنے کا حوصلہ دے گی۔

یہ بھی تجویز دی گئی کہ پاکستان ہماسیہ ملک سے پی ٹی اے پر پیشرفت کر رہا ہے جو انگور کی درآمد اسکی اصل قیمت پر کرنے کی اجازت کا پہلا قدم ہو گی اور یہ اقدام افغانستان کو جواب میں ایسا ہی کرنے کا حوصلہ دے گا۔

اس دوران مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے ساتھ صدر پی ایف وی اے وحید احمد کی سربراہی میں ایسوسی ایشن کے وفد کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کینو سمیت پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات سے متعلق مسائل زیرِبحث آئے، مشیرتجارت نے ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تمام درپیش مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی اسٹرکچر پر نظرثانی کی گئی اور پاک-افغان تجارت کو سہولیات دینے کے لیے سادہ رکھا گیا ہے۔

پی ایف وی اے کے وفد نے سری لنکن حکومت کی جانب سے کینو کی امپورٹ ڈیوٹی میں اضافے کے فیصلے کو واپس لینے پر مشیر تجارت اور متعلقہ حکام کے اقدامات کو سراہا۔

انڈونیشیا، افغانستان اور ایران جیسی عالمی منڈیوں کو پھل اور سبزیوں کی برآمدات سے متعلق مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے وحید احمد نے جلد اقدامات کرنے پر زور دیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here