’ایم ایل وَن منصوبہ صنعتی شعبے کی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرے گا‘

634

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سی پیک ایم ایل وَن منصوبے کو پاک چین دوستی کی شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے ملک میں بین الاقوامی معیار کا جدید مواصلاتی ڈھانچہ تیار ہو گا، ایم ایل وَن سے ملک کا صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

گزشتہ روز سی پیک کے تحت ایم ایل ون سے متعلق جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن، چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ، سیکرٹریز ریلوے، اقتصادی امور، خزانہ، منصوبہ بندی ڈویژن اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ایم ایل وَن پر اب تک کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے منصوبہ پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے ایم ایل ون کو پاک چین دوستی کی شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کا جدید کمیونیکیشن انفراسٹرکچر قائم ہو گا، یہ منصوبہ ملکی صنعت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستانی بندرگاہوں کے زمینی رابطے مربوط ہونے سے پاکستان کی برآمدات بروقت عالمی منڈیوں میں پہنچ سکیں گی جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں میں ایم ایل وَن سب سے خطیر لاگت کا منصوبہ ہے جس سے پاک چین تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو گا۔

وفاقی وزیرِ ریلوے نے وزیرِ اعظم کو پاکستان ریلوے کی طرف سے ایم ایل ون منصوبہ کے انٹیگریشن پلان کے حوالے سے آگاہ کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here