اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 5.66 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران پاکستان نے دو لاکھ 40 ہزار 110 ڈالر کی چمڑے کی مصنوعات برآمد کیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دو لاکھ 27 ہزار 244 ڈالر پر تھیں۔
پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دران چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات 0.19 فیصد اضافہ سے ایک لاکھ 25 ہزار 744 ڈالر کے مقابلہ میں ایک لاکھ 25 ہزار 982 ڈالر تک بڑھ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران چمڑے کے دستانوں کی برآمدات میں 10.60 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا نومبر 2019ء کی برآمدات 96 ہزار 646 ڈالر کے مقابلہ میں جولائی تا نومبر 2020ء میں ایک لاکھ 6 ہزار 887 ڈالر تک پہنچ گئیں۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں چمڑے کی متفرق مصنوعات کی برآمدات میں 49.18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور برآمدات کا حجم 4854 ڈالر کے مقابلہ میں 7241 ڈالر تک بڑھ گیا۔