اسلام آباد: جاری مالی سال کے دوران پاکستان کی سمندری خوراک (Sea Food) کی برآمدات میں 9.27 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران مچھلی، جھینگے اور دیگر سی فوڈ کی برآمدات 16 کروڑ 63 لاکھ ڈالر تک کم ہو گئیں۔
گزشتہ مالی سال جولائی تا نومبر 2019ء کے دوران پاکستان نے سمندری خوراک کی برآمدات سے 18 کروڑ 42 لاکھ ڈالر سے زائد زرمبادلہ کمایا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران سمندری خوراک کی قومی برآمدات میں ایک کروڑ 79 لاکھ ڈٓالر سے زائد یعنی نو فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی بی ایس کے مطابق نومبر 2020ء میں پاکستانی مچھلی اور جھینگوں کی دیگر ممالک کو برآمدات 18.94 فیصد کمی سے چار کروڑ 42 لاکھ ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ نومبر 2019ء میں یہ برآمدات پانچ کروڑ 46 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔
دوسری جانب اکتوبر 2020ء کے مقابلہ میں نومبر 2020ء میں سمندری خوراک کی برآمدات میں 1.42 فیصد اضافہ ہوا، اکتوبر 2020ء کے دوران برآمدات کا حجم چار کروڑ 36 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔