حکومت کا سستی بجلی فراہمی کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا عندیہ

153

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے پر کام جاری ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم کی زیرصدارت شعبہ توانائی سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء عمر ایوب خان، مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ، محمد حماد اظہر، شبلی فراز، مشیران عبدالرزاق دائود، ڈاکٹر عشرت حسین، معاونین خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، ندیم بابر تابش گوہر، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر اعلی افسران موجود تھے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو شعبہ توانائی کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان، معاون خصوصی تابش گوہر اور سیکریٹری توانائی نے بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کو گردشی قرضوں کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم نے صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروکار لانے کی ہدایت کی۔

قابل تجدید توانائی پالیسی کے حوالے سے وفاقی وزیرعمر ایوب نے بتایا کہ اس پالیسی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے اور سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ حکومت نے بروقت اقدامات لیے ہیں جن سے ملک بھر کے گیس صارفین کو فائدہ حاصل ہوا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کے توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ تمام سیکٹرز کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے پر حکومت کی بھر پور توجہ مرکوز ہے،صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے پر کام جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here