لندن: یورپی یونین اور برطانیہ نے اپنے تجارتی سمجھوتے میں دونوں خطوں سے باہر کے پرزہ جات سے تیار ہونے والی ہائبرڈ اور برقی گاڑیوں پر مکمل محصولات عائد کرنے سے قبل چھ سال کے استثنائی عرصے پر اتفاق کیا ہے۔
برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان طے پانے والے آزاد تجارتی سمجھوتے کے تحت بنیادی طور پر دونوں خطوں کے درمیان اشیاء کی تجارت پر یکم جنوری 2021ء سے کوئی محصولات عائد نہیں ہوں گے۔
تاہم صفر محصول کے لیے مقامی اجزاء یا پرزوں کی مناسب شرح کی شرط لاگو ہو گی، گاڑیوں کے معاملے میں تیار شدہ گاڑیوں کے 45 فیصد سے زائد پرزے دونوں خطوں سے باہر کے ہونے کی صورت میں ان پر محصول عائد ہو گا۔
یورپی یونین اور برطانیہ نے ہائبرڈ اور برقی گاڑیوں کے لیے مرحلہ وار چھ سالہ نظام پر اتفاق کیا ہے۔ 2023ء تک ایسی گاڑیوں پر بھی محصول عائد نہیں ہو گا جن کے 60 فیصد تک پرزے خطے سے باہر سے درآمد کیے جائیں گے۔ 2024ء سے 2026ء تک یہ شرح 55 فیصد ہو گی جبکہ 2027ء سے 45 فیصد پرزوں کی شرط شروع ہو گی۔
ٹویوٹا موٹرز اور نسان موٹرز جیسے جاپانی کار میکر وہاں ایسی ہائبرڈ اور برقی گاڑیاں تیار کرتے ہیں جن کے زیادہ تر پرزے جاپان سے درآمد کردہ ہوتے ہیں۔ ماحول دوست گاڑیاں ان کی مقامی پیداوار کا مرکزی ستون ہیں۔