اسلام آباد: سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد پی آئی اے نے سوموار سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لئے فلائٹ آپریشن شروع کر دیا-
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے نے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل (ر) ارشد ملک کی ہدایت پر فلائٹ آپریشن شروع کر دیا ہے جس کے تحت صرف یک طرفہ اجازت نامے کے باوجود پی آئی اے دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے پروازیں چلائے گی۔
ترجمان کے مطابق کورونا کے باعث سعودی حکومت نے صرف یک طرفہ آپریشن کی اجازت دی ہے، پی آئی اے پر یک طرفہ آپریشن کے باعث مالی بوجھ پڑے گا مگر ہم وطنوں کی واپسی بھی ناگزیر ہے-
عبداللہ خان نے کہا کہ سربراہ پی آئی اے کی خصوصی ہدایات پر سوموار سے فلائٹ آپریشن شروع کر دیا ہے، دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لے کر آنا ایک قومی ذمہ داری ہے۔