اسلام آباد: ہارڈ وئیر انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ایگزیکٹوز نے کہا ہے کہ رواں سال کے دوران دنیا بھر میں کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپ کی طلب میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث مارکیٹ میں کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپ ڈیوائسز کے آڑڈرز 2022ء تک پورے نہیں ہو سکیں گے۔
کمپیوٹر مینوفیکچررز اور ٹیکنالوجی سے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 2007ء میں آئی فون کے منظرِعام پر آنے کے بعد پہلی بار 2020ء می ایسا ہوا ہے کہ مینوفیکچررز کو آرڈرز پورے کرنے کے لیے مہینوں درکار ہیں۔
کورونا وائرس کی وبا کے دوران ملازمین کے گھروں سے کام کرنے کے باعث کمپیوٹر مارکیٹ میں تیزی آئی ہے، سمارٹ فونز کی سیلز کم جبکہ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپس کی مانگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جو گزشتہ دہائی میں اینڈرائڈز فونز اور آئی فونز کے آنے سے کم ہو گئی تھی۔
کمپیوٹر ہارڈ وئیر بنانے والی کمپنی ایسر انکارپوریشن (Acer Inc) کے صدر گریگ پرینڈرگاسٹ کے مطابق “ساری سپلائی چین رک کر رہ گئی ہے، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔”
2008ء میں لیپ ٹاپس اور کمپیوٹر بنانے والی صنعت کی مجموعی عالمی شپمنٹس سالانہ تین کروڑ کے لگ بھگ تھیں لیکن اس کے بعد آئی فون اور سمارٹ فونز کی بھرمار کی وجہ سے مذکورہ انڈسٹری میں پچاس لاکھ شپمنٹس کی کمی آئی اور یہ سالانہ اڑھائی کروڑ کے لگ بھگ رہنے لگیں۔ اس انڈسٹری کی پرانی صورت حال پر آنے کے امکانات کم ہی تھے۔
یہ بھی پڑھیے:
ڈرون ٹیکنالوجی کے محفوظ استعمال کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ
گھر سے کام کی سہولت، دنیا بھر میں لیپ ٹاپس، میمری چپس، انٹرنیٹ ڈیٹا کی مانگ میں ریکارڈ اضافہ
لیکن اب کچھ تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ 2020ء میں کمپیوٹر اور لیپ ٹاپس کی طلب میں ریکارڈ اضافے کے سبب عالمی فروخت دوبارہ تین کروڑ تک پہنچ جائے گی، یہ گزشتہ برس دنیا میں بنائے جانے والے کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس سے 15 فیصد زیادہ ہے، ٹیبلیٹس کی مانگ میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
ریسرچ کمپنی Canalys کے مطابق 2021ء کے اختتام تک دنیا میں انسٹالڈ پی سی اور ٹیبلیٹس کی تعداد ایک ارب 77 کروڑ تک پہنچ جائے گی، جو اس سے قبل 2019ء میں ایک ارب 64 کروڑ ریکارڈ کی گئی تھی۔
کورونا وائرس کی وبا سے قبل عام طور پر گھروں میں ایک ہی کمپیوٹر کافی سمجھا جاتا تھا لیکن وبا کے بعد ہر گھر میں طالب علم، ملازمین اور ویڈیو گیمرز کے لیے علیحدہ سے کمپیوٹر لینا لازمی ہو گیا ہے۔
مانگ کو پورا کرنے کے لیے کمپیوٹر بنانے والی بڑی کمپنیوں نے آئندہ سال سے بہترین ماڈلز مارکیٹ میں متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی ہے اور اس کے لیے سپلائرز کی تعداد بڑھانے کیساتھ اور شپنگ کے انتظامات بھی تیز کر دیے ہیں۔
ہارڈ وئیر کمپنیوں کی جانب سے آئندہ کچھ ماہ میں جدید ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ویڈیو کانفرنسز کرنے کے لیے بہترین کیمرے اور اسپیکرز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
زیادہ تر نئے متعارف کرائے جانے والے ماڈلز میں صارفین کو فورجی اور فائیو جی کی سہولیات دینے کے لیے سیلولر چپس بھی لگائی جائیں گی لیکن یہ روایتی وائی فائی کی طرح نہیں ہوں گی۔
ڈیل (Dell) کو رواں سال لیپ ٹاپس اور کمپیوٹرز کی خریداری کیلئے آن لائن آرڈرز میں گزشتہ سال کی نسبت 62 فیصد اضافہ ہوا ہے۔