پانچ ماہ میں شمالی امریکی ممالک کو پاکستانی برآمدات اور درآمدات میں اضافہ

جولائی تا نومبر 2020ء تک شمالی امریکی ممالک کو پاکستان نے 1.970 ارب ڈالر کی برآمدات بھیجیں، جبکہ 944.98 ملین ڈالر کی درآمدات منگوائی گئیں

670

اسلام آباد: پاکستان اور شمالی امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ کا عمومی رحجان دیکھنے میں آیا، مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں شمالی امریکی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 5.97 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 7.19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران شمالی امریکی ممالک (امریکا اور کینیڈا) کو پاکستان نے 1.970 ارب ڈالر کی برآمدات بھیجیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 5.97 فیصد زیادہ رہیں، گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں امریکا اور کینیڈا کو پاکستانی برآمدات کا حجم  1.859 ارب ڈالر رہا۔

سالانہ اعتبار سے نومبر 2020ء میں شمالی امریکا کے ممالک کو پاکستان نے 419.21 ملین ڈالر مالیت کی برآمدات بھیجیں جبکہ گزشتہ سال نومبر میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 337.37 ملین ڈالر رہا۔

دوسری جانب سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں شمالی امریکا کے ممالک سے درآمدات میں 7.19 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جولائی سے لے کر نومبر 2020ء تک شمالی امریکا کے ممالک سے 944.98 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 881.46 ملین ڈالر رہیں۔

نومبر 2020ء میں شمالی امریکا کے ممالک سے درآمدات کا حجم  234.06 ملین ڈالر رہا، گزشتہ سال نومبرمیں ان ممالک سے 233.12 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی بات کی جائے تو شمالی امریکا کو پاکستانی برآمدات کا مجموعی حجم 4.169 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ  مالی سال 2019-20ء کے دوران شمالی امریکا سے درآمدات کا مجموعی حجم 2.59 ارب ڈالر رہا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here