جرمنی پاکستان  کو 1.95 ارب روپے امداد دیگا، معاہدے پر دستخط

526

اسلام آباد: جرمنی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت اور استعداد میں اضافہ اور پاکستان کی ٹیکسٹائل کی صنعت میں مزدوروں کی حالت زار اور سماجی ماحولیاتی معیار میں بہتری کے لئے پاکستان کو 10 ملین یورو ( 1.95 ارب روپے) کی تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

گزشتہ روز اس سلسلہ میں وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری نور احمد اور پاکستان میں جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شالجک نے معاہدے پر دستخط کئے۔ تکنیکی تعاون کے معاہدے کے تحت جرمنی قدرتی آفات سے نمٹنے کے پاکستانی اداروں کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

اس معاہدے کے تحت قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لئے منصوبہ بندی میں معاونت فراہم کی جائے گی، اسی طرح معاہدے کے تحت پنجاب میں ٹیکسٹائل کی صنعت میں مزدوروں کی حالت زار اور اس صنعت میں سماجی اور ماحولیاتی معیارات میں بہتری لائی جائے گی۔

اس پراجیکٹ کے تحت حکومت نجی اور سول سوسائٹی کے متعلقہ فریقوں کے درمیان مزدوروں کے معیار میں بہتری کے لئے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے درمیان بامقصد مکالمے کو فروغ بھی دیاجائےگا ۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان 1961ء  سے ترقی کے شعبے میں تعاون کا سلسلہ جاری ہے ، جرمنی نے اب تک پاکستان کو  تین ارب یورو کی معاونت فراہم کی ہے۔

 معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر پاکستان اور جرمنی نے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اقتصادی امورکے سیکرٹری نور احمد نے معاونت پر جرمنی کا شکریہ اداکرتے ہوئے  کہاکہ جرمنی پاکستان کی حکومت کی ترجیحات کے مطابق معاونت فراہم کررہا ہے۔

پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کاخواہش مند ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here