عدالتی نوٹس کے بعد پی آئی اے نے گلگت کیلئے دوطرفہ کرایہ کم کر دیا

812

اسلام آباد: گلگت بلتستان سپریم ایپلیٹ کورٹ کے ازخود نوٹس کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے گلگت اور سکردو سے اسلام آباد کے لیے دوطرفہ کرائے کمی کر دی۔

جنرل مینجر پی آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ قومی ائیرلائن نے گلگت اور سکردو سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے گلگت اور سکردو کے لیے کرائے میں کمی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس سے قبل پی آئی اے نے گلگت اور سکردو کے لیے یکطرفہ کرائے میں رعایت دی تھی تاہم گلگت بلتستان کے شہریوں نے پی آئی اے کے اس امتیازی فیصلے کے خلاف احتجاج کیا تھا جس پر گلگت بلتستان کی عدالت نے ازخود نوٹس لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

گلگت بلتستان کے شہری پی آئی اے کیخلاف احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟

پی آئی اے کے 13 سو ملازمین کی رضاکارانہ علیحدگی کی درخواست

’گلگت بلتستان سے امتیازی رویہ ختم کرکے پی آئی اے کرایوں میں کمی کا اعلان کرے‘

یہ بھی واضح رہے کہ پی آئی اے نے اسلام آباد سے گلگت اور سکردو کا سفر کرنے والے مسافروں کا یکطرفہ کرایہ 6915 روپے مقرر کیا تھا جبکہ اس کے برعکس گلگت اور سکردو سے اسلام آباد سفر کرنے والے مسافروں کو 10 ہزار سے 17 ہزار روپے دینا پڑ رہے تھے۔

گلگت اور سکردو کے شہری پی آئی اے کے فیصلے سے ناخوش تھے کیونکہ عام طور پر سردیوں میں ہونے والی شدید برف باری اور خراب موسمی صورت حال کے باعث گلگت بلتستان سے شہری حصولِ روزگار کے لیے ملک کے جنوبی علاقوں کا سفر کرتے ہیں اور وہ پی آئی اے سے دوطرفہ کرایوں میں کمی کی توقع کر رہے تھے۔

گلگت بلتستان سپریم ایپلیٹ کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے ازخود نوٹس کے ذریعے گلگت میں پی آئی اے کے جنرل مینجر کو کرائے میں کمی کی ہدایت کی تھی۔

چیف جسٹس گلگت بلتستان سید ارشد حسین اور سینئر جج جسٹس وزیر شکیل احمد پر مشتمل ایس اے سی کے بینچ نے جنرل مینجر کو پی آئی اے کے مینجنگ ڈائریکٹر کے ساتھ رابطہ کرکے معاملے پر تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here