4.5 ارب ڈالر پاک، افغان، ازبکستان ٹرین منصوبے پر رواں ماہ دستخط ہونگے

45 برس سے خسارے میں چلنے والی ریلوے کو سٹیل مل کی طرح بند نہیں کرسکتے، اہم اقدامات اٹھانے ہونگے، ایم ایل ون کے تاریخی منصوبہ پر 2021 میں کام شروع ہوجائے گا، وزیر ریلوے

618

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے مابین ساڑھے چار ارب ڈالر کے ٹرین منصوبے پر رواں ماہ دستخط ہوں گے۔

راولپنڈی میں ریلوے کے مسیحی ملازمین کی کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ ریلوے کو خسارے سے نکالنا ایک بڑا چیلنج ہے، شیخ رشید احمد نے ریلوے کو بنیاد فراہمی کی، اب اس ٹرین کو میں منزل پر لے کر جائوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کے تمام بنیادی اصول پورے ہو چکے ہیں، آئندہ سال کے آغاز میں اس پر باقاعدہ کام شروع ہو جائے گا، منصوبہ تین مراحل میں مکمل ہو گا اور اسکی سیکورٹی کیلئے چین سے بات چیت جاری ہے۔ ایم ایل ون سے پاکستان کی دفاعی طاقت میں بھی اضافہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے:

’ایم ایل وَن کو پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے استعمال کیا جائے گا‘

چاروں صوبوں میں ریلوے کی 4400 ایکڑ اراضی پر قبضہ

کاشغر تا مزار شریف، پاکستان ریلوے کو بین الاقوامی سطح تک وسعت دینے کا منصوبہ

سی پیک کا کراچی تا پشاور ایم ایل وَن منصوبہ اگلے برس مارچ میں شروع ہونے کا امکان

میڈیا سے بات چیت کے دوران پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے مابین ٹرین سروس سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ٹرین پشاور، کابل اور ازبکستان کے درمیان چلے گی، معاہدے پر افغانستان اور ازبکستان کے صدور نے دستحط کر دئیے ہیں جبکہ ساڑھے چار ارب ڈالر کے معاہدے پر وزیراعظم عمران خان رواں ماہ کے آخر میں دستحط کریں گے۔

انہوں نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ازبکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اس مہینے کے آخر میں خصوصی دستاویزات لے کر آئیں گے اور عمران خان ان پر دستحط کریں گے۔

اعظم خان سواتی نے کہا کہ ریلوے کی بڑی جائیداد پر قبضہ رہا ہے، حال ہی میں صرف کراچی میں چار ارب روپے کی ریلوے کی زمین واگزار کرائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کو پانچ مہینے کے اندر 17 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، یہ خسارہ کورونا کی وجہ سے ریلوے کی بندش اور ٹرینوں کی خرابی کی وجہ سے ہوا، ہم اس کو نئے سرے سے پائوں پر کھڑا کریں گے۔ 45 برس سے خسارے میں چلنے والی ریلوے کو اسٹیل مل کی طرح بند نہیں کرسکتے اہم اقدامات اٹھانے ہونگے۔

اعظم سواتی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسیحی برادری کو وزیراعظم عمران خان اور اپنی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ہماری اولین ترجیح اور دینی فریضہ ہے کہ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے، اسی طرح مسیحی برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ وزارت ریلوے میں بھی انہیں اسی طرح کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا استحقاق ہے کہ وہ اپنی کابینہ کے ممبران کو جو بھی ذمہ داری سونپیں، مجھے وزارت پارلیمانی امور، نارکوٹکس، دو مرتبہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں کام کرنے کا موقع ملا اور ابھی وزارت ریلوے کی ذمہ داری دی گئی ہے، اسے احسن طریقے سے نبھاؤں گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here