’آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ تجارتی رابطوں میں اضافہ کا خواہشمند‘

463

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے ورچوئل گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی استعداد کے مطابق آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ تجارتی رابطوں میں اضافہ کا خواہشمند ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی آبادی، متنوع وسائل اور تجارت کے لامحدود مواقع کے ساتھ علاقائی مارکیٹ کے وسط میں واقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلوی حکومت آسٹریلین ایڈ پروگرامز کے تحت اور تعلیم کے حوالہ سے پاکستانی عوام پر سرمایہ کاری کرتی ہے۔

ہائی کمشنر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا اور بالخصوص کووڈ۔19 کی وبا سے تحفظ کیلئے اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تعاون کی فراہمی پر آسٹریلوی حکومت اور ہائی کمشنر کی کاوشوں کا خیرمقدم کیا جو وہ پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے مستقبل میں بھی شراکت داری کا عمل جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کے تعاون اور باہمی اقتصادی روابط میں اضافہ کے عزم پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے خاتمہ کے بعد جب عالمی تجارت بحال ہو گی تو پاکستان اور آسٹریلیا کے باہمی تعلقات اور تجارتی رابطوں میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here