پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر دستخط 30 دسمبر کو ہونے کا امکان

814

اسلام آباد: پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے (اے پی ٹی ٹی اے) کو حتمی شکل دینے کے لیے افغان وفد رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد کا دورہ کرے گا۔

وزارتِ تجارت کے حکام کے مطابق اعلیٰ سطحی افغان وفد 28 سے 30 دسمبر پاکستان کا دورہ کرے گا، اس دوران دونوں ممالک کے حکام پریفرینشل ٹریڈ ایگریمنٹ (پی ٹی اے) پر بات چیت کریں گے۔

وزارتِ تجارت کے مطابق افغان وفد کے دورہ کے پیش نظر جوائنٹ بارڈر مارکیٹس کو مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان بارڈر مارکیٹس کے قیام سے دوطرفہ تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔

وزارتِ تجارت کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ “اے پی ٹی ٹی اے معاہدہ فروری 2021ء میں ختم ہو جائے گا، اس لیے معاہدے تجدید کی ضرورت ہے۔”

وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں پاکستانی وفد نے گزشتہ ماہ کابل کا دورہ کیا تھا جس میں دیگر امور کے علاوہ دوطرفہ تجارت پر بھی بات ہوئی تھی، اب افغان وفد مذاکرات میں پیشرفت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

حکومت کا پاک افغان تجارت کے لیے غلام خان بارڈر بھی کھولنےکا فیصلہ

ای ایف پی ،استنبول چیمبرکے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق

وزیراعظم عمران خان کے دورہ کابل کے حوالے سے وزارتِ تجارت نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے حوالے سے مختلف نکات شامل کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے کا آغاز کیا ہے۔

مشیر تجارت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان پی ٹی اے جنوری 2021ء کے آخر تک طے پا جائے گا، انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ اے پی ٹی ٹی اے پر بھی اس کے ساتھ ہی دستخط کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق پاک افغان تجارتی تعلقات پر سوموار کے روز ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں پاکستان کی افغانستان اور سیٹرل ایشین ریپبلکس (سی اے آرز) کے ساتھ تجارت سے متعلق معاملات پر بات چیت کی گئی تھی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here