اماراتی سفیر کی پاکستانیوں کیلئے جلد ویزہ بحالی کی یقین دہانی

شیخ رشید احمد سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، پاکستانی قیدیوں کی جلد از جلد رہائی کے لئے تعاون بڑھانے پر زور

449

اسلام آباد: پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات میں یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستانی شہریوں کیلئے ویزہ بحالی جلد ممکن ہو گی، اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

منگل کو متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ حالیہ ویزہ پابندی اور امارات میں پاکستانی قیدیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عرب امارات میں 15 لاکھ پاکستانی ورکرز قیمتی اثاثہ ہیں جو سالانہ تقریباً پانچ ارب ڈالر زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں، ان کی دیکھ بھال دونوں ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، امارات میں قید پاکستانیوں کو جلد واپس لانے کیلئے یو اے ای حکومت کا تعاون درکار ہو گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی شہریوں پر ویزہ پابندی کا جلد از جلد خاتمہ ہونا چاہئے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی بھائی چارے اور محبت پر مبنی ہیں جنہیں مزید فروغ دینے کےلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر اماراتی سفیر نے کہا کہ پاکستانی شہریوں پر ویزہ پابندی عارضی ہے جس کی بحالی سے متعلق بات چیت جاری ہے، انہوں نے وزیر داخلہ کو یقین دہانی کرائی کہ ویزہ بحالی جلد ممکن ہو جائے گی۔

اماراتی سفیر کا کہنا تھا کہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار مثالی ہے، ان کی دیکھ بھال ہماری ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان اور عرب امارات کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران متحدہ عرب امارات کی حکومت نے نے پاکستان سمیت 12 ممالک کے شہریوں پر سیاحتی ویزہ اور ورک پرمٹ کے اجراء پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اسلام آباد میں یو اے ای کے سفارت خانے نے کہا تھا کہ ویزہ پابندی غیر معینہ مدت کے لیے ہے جو کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔

20 دسمبر کو امارات کے دو روزہ دورے پر گئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات میں عرب امارات کے وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ  وبا کی وجہ سے عائد ویزوں کے اجراء میں پابندیاں عارضی ہیں،  امارات 15 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور موجودہ سفری بندشیں کورونا وائرس کی وجہ سے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here