کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں پر ایک ہفتے کی پابندی کے اعلان کے بعد سوموار کو شیڈول تمام فلائٹس منسوخ کر دی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے بتایا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے شدت اختیار کرنے کی وجہ سے پروازیں معطل کی گئی ہیں اور معطلی کا دورانیہ بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور اور ملتان سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 9739 اور پی کے 9760 کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور سے جدہ، لاہور اور اسلام آباد سے دمام، کراچی سے مدینہ اور جدہ کی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
پی آئی اے بھی ایف آئی اے کے ریڈار پر آ گئی
گلگت بلتستان کے شہری پی آئی اے کیخلاف احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟
پی آئی اے نے اے ٹی ار-72 طیارے فضائی بیڑے سے الگ کر دیے
پاکستان سمیت کئی ممالک نے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی
اس کے علاوہ پی آئی اے نے لاہور سے مدینہ جانے والی پرواز بھی منسوخ کر دی ہے جبکہ مدینہ سے کراچی اور ملتان آنے والی دو پروازوں کو بھی روکنے کا حکم دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عالمی پروازوں پر سے پابندی اٹھائے جانے تک پی آئی اے کی سعودیہ کیلئے پروازیں معطل رہیں گی۔
انہوں نے مسافروں کو ہدایت کی کہ پروازوں کے شیڈول کے حوالے سے آگاہ رہنے کیلئے ہیلپ لائن کے ذریعے پی آئی اے کے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں رہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب نے تمام غیرملکی پروازوں کے داخلے پر سات روز کی عارضی پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا، بحری راستوں سے بھی مملکت میں داخلہ ایک ہفتے کیلئے بند کیا گیا ہے۔
پروازوں پر پابندی کا فیصلہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی اور خطرناک قسم کے پھیلائو کے بعد کیا گیا ہے، ہفتے کے روز انگلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر کرس وٹی نے کہا تھا کہ نئے کورونا وائرس کا پھیلائو زیادہ تیز ہے جبکہ اس کی وجہ سے شرح اموات کے حوالے سے ابھی تحقیق جاری ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی مہلک قسم کے پھیلائو کے بعد لندن سمیت زیادہ تر برطانوی شہروں میں کیٹیگری فور کا لاک ڈائون اور کرفیو نافذ کر دیا ہے اور پاکستان سمیت کئی ممالک نے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔