پاکستان سمیت کئی ممالک نے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی

پروازوں پر پابندی برطانیہ میں کورونا کی نئی مہلک قسم کے تیزی سے پھیلائو کے باعث لگائی گئی، اطلاق 22 دسمبر سے 29 دسمبر تک ہو گا: ایوی ایشن حکام

955

لاہور: کورونا وائرس کی نئی اور زیادہ مہلک قسم کے پھیلائو کے باعث پاکستان نے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کیا گیا، برطانیہ سے والی پروازوں پر پابندی کا اطلاق منگل 22 دسمبر کی رات 12 بجے سے لے کر 29 دسمبر رات 12 بجے تک عارضی ہو گا جبکہ پابندی برقرار رکھنے یا ہٹا نے کیلئے این سی او سی 28 دسمبر کو نظرثانی کرے گا۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق گزشتہ دس روز کے دوران برطانیہ میں قیام کرنے یا وہاں سے سفر کا آغاز کرنے والوں پر بھی پابندی کا اطلاق ہو گا تاہم ایسے افراد کو پاکستان میں داخل ہونے کے لیے چند شرائط پورا کرنا ہوں گی۔
پہلے سے پاکستان کے لیے عازم سفر مسافروں کو پاکستان کے ایئرپورٹ پر سرکاری خرچ پر پی سی آر ٹیسٹ لازمی کروانا ہو گا جبکہ مسافروں کو گھر پر سات دن قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔ 22 دسمبر تک آنے والے تمام مسافروں کو پاک ٹریک ایپلی کیشن کا استعمال لازمی کرنا ہو گا۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی خطرناک شکل کے تیزی سے پھیلاؤ کے بعد کئی یورپی ممالک کے علاوہ کینیڈا اور انڈیا نے بھی فضائی سروس معطل کر دی ہے۔
جرمنی نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات برطانیہ کے ساتھ فضائی رابطے معطل کر دیے تھے جبکہ بیلجیئم، نیدرلینڈز، اٹلی اور آسٹریا نے بھی برطانیہ کے ساتھ فضائی سروس معطل کر دی ہے۔
روس اور سپین نے بھی برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کی ہے جبکہ آسٹریلیا اور امریکہ نے فی الحال اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here