اسلام آباد: پاکستان میں کووڈ-19 کی دوسری لہر کے باوجود ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح نمو میں اضافہ حوصلہ افزاء ہے اور جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں بڑے صنعتی اداروں (Large scale menufacturing) کی شرح نمو میں 5.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں جولائی تا اکتوبر 2020ء کے دوران ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح ترقی 5.5 فیصد تک بڑھ گئی۔
یہ بھی پڑھیے:
ٹیکسٹائل برآمدات میں ریکارڈ اضافہ، ایکسپورٹ آرڈرز پورے کرنا مشکل
’1990ء کے بعد پہلی بار فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری مکمل بحال‘
فیصل آباد میں صنعتی سرگرمیاں تیز، ٹیکسٹائل انڈسٹری میں اڑھائی لاکھ ملازمین کی کمی
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020ء مسلسل دوسرا مہینہ تھا جس میں بڑے صنعتی اداروں کی شرح نمو گزشتہ ماہ کے مقابلہ میں زیادہ رہی، پی بی ایس کے مطابق 15 بڑی صنعتوں میں سے 9 صنعتی شعبوں کی شرح نمو میں اضافہ جبکہ 6 صنعتوں کی شرح نمو میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2020ء کے دوران اکتوبر 2019ء کی نسبت ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح نمو میں 6.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ستمبر 2020ء کے مقابلہ میں اکتوبر2020ء کے دوران شعبہ کی شرح نمو میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2020ء کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی شرح نمو 2.2 اور نان مٹیلک منرلز کے شعبہ کی ترقی 22.9 فیصد رہی ہے۔
اسی طرح فرٹیلائیزر کے شعبہ کی شرح نمو بھی 6 فیصد جبکہ فوڈ، بیوریجز اور تمباکو کی صنعتوں کی شرح ترقی میں 12.2 فیصد اور کیمیکلز مصنوعات تیار کرنے والی صنعت کی شرح نمو 9.2 فیصد تک بڑھ گئی۔
پیپر اینڈ بورڈ کے شعبہ کی شرح نمو میں 10.4 فیصد، ادویہ سازی میں 13.5 فیصد اور پٹرولیم کے شعبہ کی شرح ترقی میں 1.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آٹو موبائیلز کے شعبہ کی شرح نمو میں 1.6 فیصد کمی ہوئی ہے تاہم کمی کے رجحان میں بہتری ہو رہی ہے، اسی طرح آئرن اینڈ سٹیل کی صنعت کی شرح ترقی میں 5.4 فیصد، انجینئرنگ مصنوعات 34 فیصد اور چمڑے کی مصنوعات 43 فیصد، فرنیچر سازی کی صنعت کی ترقی میں بھی 64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔