عامر احمد ہاشمی سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے چئیرپرسن تعینات

855

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عامر احمد ہاشمی کو چئیرپرسن برائے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زیڈ اے) تعینات کر دیا ہے۔

حکومت نے 2 دسمبر 2020 کو سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے قیام کے لیے ایک آرڈیننس کی منظوری دی تھی جس کا مقصد ملک میں ٹیکنالوجی اور سائنس پر مبنی ماحول کے فروغ اور ہائی ٹیک انڈسٹریل پارکس کا قیام ہے، اتھارٹی کی مدد سے قومی سطح پر جدت اور سائنسی تحقیق کے نظام کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

اس اتھارٹی کا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے، یہ پاکستان کے ہائی ٹیک سیکٹر کیلئے براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری لانے کے حوالے سے مطلوبہ قانون سازی میں معاونت بھی فراہم کرے گی۔ وزیراعظم سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کی نگرانی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے:

ملک بھر میں 50 ٹیکنالوجی زونز قائم کیے جائیں گے

پاکستان کی ہواوے سمیت دیگر عالمی کمپنیوں کو آئی ٹی سیکٹر میں شراکت داری کی دعوت

سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے نئے تعینات ہونے والے چیئرپرسن عامر ہاشمی ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی پہچان رکھتے ہیں، وہ بطور گلوبل سٹریٹجسٹ، آئی ٹی ایگزیکٹو اور انٹرپرنیور آئی بی ایم اور ایم سی آئی سسٹم ہاؤس جیسی بین الاقوامی کمپنیوں میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

وہ Si3 کے بانی ارکان میں شامل ہیں، یہ پاکستان میں ٹیکنالوجی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے اولین کمپنیوں میں سے ایک ہے جو سرکاری اور نجی اداروں کے لیے آئی ٹی خدمات فراہم کرتی ہے۔

فوربز ایشیا، بزنس ویک اور فنانشل ٹائمز جیسے جریدوں نے عامر ہاشمی کے کام کو سراہا ہے، وہ گزشتہ دس سالوں سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں چیف سٹریٹجی آفیسر اور ایڈوائزر کے طور پر ایکوسسٹم نالج کے قیام کے لیے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

عامر ہاشمی نسٹ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور گلوبل تھنک ٹینک نیٹ ورک کے بانی صدر اور چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی بھی رہے۔

انہوں نے یارک یونیورسٹی ٹورنٹو سے گریجوایشن کر رکھی ہے جبکہ ہارورڈ کینڈی سکول آف گورنمنٹ سے ‘انوویشن برائے اکنامک ڈویلپمنٹ’ میں بھی تعلیم حاصل کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here