گلگت بلتستان کے شہری پی آئی اے کیخلاف احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟

1291

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے گلگت بلتستان کی پروازوں کے لیے یکطرفہ کرایہ کم کر دیا ہے لیکن اس کے باوجود گلگت بلتستان کے شہری خوش نہیں ہیں۔

شمالی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے شہری عام طور پر سخت سردی اور خراب موسمی حالات میں روزگار کیلئے ملک کے جنوبی حصے کا سفر کرتے ہیں، اس لیے وہ توقع کر رہے تھے کہ پی آئی اے دیگر شہروں کی طرح گلگت اور سکردو کیلئے بھی دوطرفہ کرائے کمی کرے گی۔

اسلام آباد سے سکردو اور گلگت کی پروازوں کے لیے پی آئی اے نے کرایہ 6915 روپے کر دیا ہے لیکن گلگت اور سکردو سے اسلام آباد سفر کرنے والے مسافروں کو اب بھی 10 ہزار روپے سے 17 ہزار روپے خرچ کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے:

’گلگت بلتستان سے امتیازی رویہ ختم کرکے پی آئی اے کرایوں میں کمی کا اعلان کرے‘

پی آئی اے نے اے ٹی ار-72 طیارے فضائی بیڑے سے الگ کر دیے

دس ماہ  میں عالمی سیاحت کو 93 ارب 50 کروڑ ڈالر کا نقصان

سرمایہ کاری، سیاحت سے متعلق ویزہ پالیسی بہتر کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

گلگت بلتستان کے شہریوں اور نوجوانوں نے پی آئی اے کی جانب سے یکطرفہ کرائے میں کمی پر تنقید کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لیا، انہوں نے کہا کہ پی آئی اے عوام کو بیوقوف بنا رہی ہے، موسمِ سرما میں سیاح گلگت بلتستان کا کم ہی رخ کرتے ہیں لہٰذا گلگت اور سکردو سے اسلام آباد سفر کرنے والے مسافروں کے کرایوں میں کمی ہونی چاہیے تھی۔

گلگت بلتستان کے شہریوں نے سکردو میں یادگار چوک سے پی آئی اے آفس تک احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

سول سوسائٹی بلتستان کے متحرک رکن نجف علی کے مطابق دیگر شہروں کیلئے پی آئی اے نے دوطرفہ کرائے میں کمی کی ہے لیکن گلگت اور سکردو کو اس سہولت سے محروم رکھا ہے، اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔

تاہم رابطہ کرنے پر ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ نے بتایا کہ کم سے کم کرایہ (گلگت اور سکردو کی) دوطرفہ پروازوں پر لاگو ہو گا۔

 اس سے قبل گورنر گلگت بلتستان جلال حسین مقپون نے سربراہ پی آئی اے ارشد ملک کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کا مطالبہ کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here