کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مسلسل چوتھے ہفتے تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس میں مزید 1200 پوائنٹس اضافے سے 43 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتا ہوا 43 ہزار 700 پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا۔
کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 253 ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 80 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 57.46 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
اس طرح گزشتہ چار ہفتوں کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3500 پوائنٹس اضافہ ہو چکا ہے جبکہ مجموعی سرمائے کے حجم میں چھ کھرب 20 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
کاروبار کے لحاظ سے پاک ریفائنری، حیسکول پٹرول، ازگارڈ نائن، پاک انٹرنیشنل بلک، میپل لیف، ٹی آر جی پاک لمیٹڈ، فوجی فوڈز لمیٹڈ، ورلڈ کال ٹیلی کام، آغا سٹیل لمیٹڈ، فوجی فرٹیلائزر بن قاسم، لوٹے کیمیکلز، بائیکو پیٹرولیم، نیٹ سول ٹیکنالوجی، پاک الیکٹرون، حبیب بینک لمیٹڈ، کے الیکٹرک لمیٹڈ، انویسٹ بینک، ایونسن لمیٹڈ اور یونٹی فوڈز لمیٹڈ سر فہرست رہے۔
چین کے ذریعے سعودی قرضوں کی ادائیگیوں کے لئے مطالبہ فنڈز کا بندوبست ہونے، آئی ایم ایف سے ممکنہ چھٹکارا حاصل ہونے کی توقعات، اقتصادی افق پر مثبت اطلاعات اور پاکستانی ٹیکسٹائل سمیت دیگر مصنوعات کی برآمدی آرڈرز موصول ہونے کی خبروں نے سٹاک مارکیٹ پر مثبت اثر ڈالا۔
اسی طرح لارج مینوفیکچرنگ سیکٹر بالخصوص ٹیکسٹائل اور شوگر انڈسٹری کی 5.46 فیصد کی شرح نمو سے متعلق وزیر منصوبہ بندی کی ٹویٹ کے علاوہ دسمبر میں بڑے پیمانے کی صنعتوں کی نمو بڑھ کر 8 فیصد تک پہنچنے کی پیش گوئی پر سرمایہ کاروںکی جانب سے سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں تیزی دکھائی دی۔
اسی بنا پر 18 دسمبر کو اختتام پذیر ہفتے کے دوران مارکیٹ میں تین دن تیزی رہی، اس دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 1311.67 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لانگ مارچ کی دھمکیوں پر سرمایہ کار قدرے تذبذب کا بھی شکار دیکھے گئے جس کی وجہ سے مارکیٹ دو دن مندی کی لپیٹ میں رہی، اس دوران انڈیکس 41.51 پوائنٹس گر گیا۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1270.16 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 42470.40 پوائنٹس سے بڑھ کر 43740.56 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 516.06 پوائنٹس اضافے سے 17730.15 پوائنٹس سے بڑھ کر 18246.21 پوائنٹس پر جا پہنچا۔
کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29770.58 پوائنٹس سے بڑھ کر 30738.36 پوائنٹس تک پہنچ گیا، کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں دو کھرب 53 ارب 10 کروڑ 62 لاکھ 917 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 77 کھرب 75 ارب 18 کروڑ 31 لاکھ 78 ہزار 463 روپے سے بڑھ کر 80 کھرب 28 ارب 28 کروڑ 90 لاکھ 79 ہزار 380 روپے ہو گیا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 43958.38 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس ایک موقع پر 43123.09 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا۔
سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 29 ارب روپے مالیت کی 70 کروڑ 22 لاکھ 10 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم 21 ارب روپے مالیت کے 43 کروڑ 30 لاکھ 20 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔
گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر2055 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 1181 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 782 میں کمی اور 92 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔