قیمتیں بڑھنے کے باوجود پانچ ماہ میں تقریباََ 55 ہزار کاریں، آٹھ لاکھ موٹرسائیکلز فروخت

889

اسلام آباد: گزشتہ چند ماہ کے دوران گاڑیوں کی قیمت بڑھنے اور روپے کی شرح تبادلہ میں ردوبدل کے باوجود فروخت میں اضافہ ہو رہا ہے، اور رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران کاروں کی فروخت 13.6 فیصد بڑھ گئی۔

پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران کاروں کی فروخت 55 ہزار 779 یونٹس تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے نتیجہ میں کاروں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے، رواں مالی سال میں ہنڈا سوک اور سٹی کی فروخت میں سب سے زیادہ 73 فیصد اضافہ سے فروخت کا حجم 10 ہزار 429 یونٹس تک بڑھ گیا جبکہ سوزوکی بولان کی فروخت میں دوسرا سب سے زیادہ اضافہ 53 فیصد ہوا ہے اور فروخت 298 یونٹس جبکہ سوزوکی ویگن آر کی فروخت 36 فیصد اضافہ سے 4539 یونٹس تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیے: 

پاکستانیوں کی پیسہ اور اثاثے دبئی میں رکھنے کی لت کو کیسے ختم کیا جائے؟

الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے چین کے بعد جرمن کمپنی کے ساتھ بھی معاہدہ

سفری سہولیات میں انقلاب، پاکستان میں پہلی الیکٹرک بائیک شئیرنگ سروس کا آغاز

دوسری جانب رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں موٹرسائیکلوں اور تھری وہیلرز کی فروخت میں 18.07 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران چھ لاکھ 70 ہزار 954 موٹرسائیکل اور تھری وہیلرز فروخت ہوئے تاہم رواں سال جولائی سے نومبر 2020ء کے دوران ملک بھر میں سات لاکھ 92 ہزار 228 موٹرسائیکل اور فروخت ہوئے۔

پانچ ماہ کے دوران ہونڈا موٹرسائیکلز کی فروخت چار لاکھ 30 ہزار 143 یونٹس سے 19.33 فیصد بڑھ کر پانچ لاکھ 12 ہزار 10 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

یونائٹڈ آٹو کی موٹرسائیکلز کی فروخت  میں بھی 18.19 فیصد اضافہ ہوا اور یہ ایک لاکھ 44 ہزار 294 یونٹس سے بڑھ کر ایک لاکھ 70 ہزار 549 یونٹس تک پہنچ گئی۔ روڈ پرنس موٹرسائیکلز کی فروخت گزشتہ سال کی 53 ہزار 889 یونٹس سے بڑھ کر 25.20 فیصد اضافے سے 67 ہزار 474 یونٹس ہو گئی۔

دوسری جانب سوزوکی اور یاہاما موٹرسائیکلز کی سیلز میں بالترتیب 2.7 فیصد اور 18.4 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، سوزوکی نے گزشتہ سال کے آٹھ ہزار 967 یونٹس کے مقابلے میں آٹھ ہزار 719 یونٹس فروخت کیے جبکہ یاماہا 10 ہزار 711 یونٹس کے مقابلے میں آٹھ ہزار 733 یونٹس ہی فروخت کر سکی، راوی موٹرسائیکلز کو سب سے زیادہ جھٹکا لگا اور اسی کی سیلز سات ہزار 989 یونٹس سے 69 فیصد کم ہو کر دو ہزار 352 یونٹس پر آ گئی۔

روڈ پرنس کے تھری وہیلرز کی سیلز میں 36.69 فیصد اضافہ ہوا اورپانچ ماہ کے دوران یہ تین ہزار 406 یونٹس سے بڑھ کر چار ہزار 656 یونٹس پر ریکارڈ کی گئی۔

سازگار کی تھری رہیلرز رکشوں اور لوڈرز کی سیلز چار ہزار 177 یونٹس میں 44 فیصد اضافے سے چھ ہزار 30 یونٹس پر پہنچ  گئی، چنگ چی کی سیلز میں 82 فیصد اضافہ ہوا اور یہ چار ہزار 587 یونٹس سے بڑھ کر آٹھ ہزار 383 یونٹس ریکارڈ کی گئی جبکہ یونائیٹڈ آٹو کی سیلز 28 فیصد اضافے سے دو ہزار 575 یونٹس سے بڑھ کر تین ہزار 296 یونٹس تک پہنچ گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here