اب پہلا شناختی کارڈ 15 دن کے اندر مفت جاری ہو گا

بیرون ملک سفارت خانوں اور مشنز میں پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجراء کے لئے دفاتر کھولے جائیں گے، وزیر داخلہ شیخ رشید کی نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر گفتگو

1506

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اعلان کیا ہے کہ حکومت ہر شہری کو پہلا شناختی کارڈ مفت اور 15 دن کے اندر جاری کرے گی۔

جمعہ کو نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نادرا حساس ادارہ ہے جو بہترین انداز میں اپنا کام کر رہا ہے، میں نے ہدایت کی ہے کہ ہفتہ اتوار کو نادرا ہیڈکوارٹرز کھلا رکھا جائے ۔ 50 نئے نادرا سنٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز میں بھی نادرا کے دفاتر قائم کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: شیخ رشید نے ریلوے کا چارج چھوڑ دیا، اعظم سواتی نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلا شناختی کارڈ 40 کی بجائے 15 دن میں مفت جاری کیا جائے۔ ہر سفارت خانے اور پاکستانی مشن میں پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجراء کے لئے دفاتر کھولے جائیں گے، اس سلسلہ میں وزارت خارجہ سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل سے واقف ہیں، ایک دو ماہ میں ان کے مسائل کے حل کے لئے اہم پیشرفت ہو گی، کوشش کر رہے ہیں کہ پاسپورٹ، آئی ڈی کارڈز کے اجراء سمیت ان کے مسائل ایک چھت کے نیچے حل ہوں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس وقت صرف 10 نادرا دفاتر چوبیس گھنٹے اور سات دن کام کر رہےہیں، ان کی تعداد بڑھا کر 50 کی جائے گی، اسی طرح موبائل وینز کی تعداد 200 سے بڑھا کر 300 کی جائے گی تاکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو بھی سہولیات فراہم ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈز کا ایک اہم مسئلہ ہے، اس کے حل کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے، نادرا کا احساس پروگرام سمیت مختلف فلاحی پروگراموں میں بھی اہم کردار ہے، اس کے 677 رجسٹریشن سنٹرز اور 16 ہزار ملازمین ہیں، تین ہزار کے قریب کنٹریکٹ ملازمین ہیں، کسی کنٹریکٹ ملازم کو فارغ نہیں کیا جائے گا، نادرا ریکارڈ کے مطابق ملک میں 16 لاکھ اسلحہ لائسنسز ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here