وزیراعظم کی ایس ایم ایز کے مقررہ اہداف جلد مکمل کرنے کی ہدایت

تمام معاشی اعشاریے مثبت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کا اہم جزو ہیں، اس سے معیشت مستحکم ہو گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے: عمران خان

618

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کا اہم جزو ہیں، اس سے معیشت مستحکم ہو گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

جمعرات کو وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء عبدالحفیظ شیخ، حماد اظہر، معاون خصوصی عثمان ڈار، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، صنعت، کامرس، خزانہ، توانائی، پٹرولیم اور قانون و انصاف ڈویژن کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

چیئرمین ایف بی آر، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک، کمشنر ایس ای سی پی، سی ای او سمیڈا، ایم ڈی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر سینئر افسران کے علاوہ ویڈیو لنک سے چیف سیکرٹری سندھ اور گلگت بلتستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں کشمیر کے سیکرٹریز صنعت، سی ای او ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایس ایم ایز کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے تمام شراکت داروں سے مشاورت کی جا رہی ہے، اس ضمن میں ایس ایم ایز فنڈ بھی قائم کیا جائے گا، ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے قانونی، انتظامی اور ریگولیٹری مسائل کو جلد حل کرنے کے لیے اہداف مقرر کر لیے گئے ہیں۔

بریفنگ میں وزیراعطم کو بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے کاروباری طبقے کی سہولت کے لیے ٹیکس فارم آسان بنایا جا رہا ہے، سمیڈا کی استعداد بڑھانے کے لیے تنظیم نو کی جا رہی ہے تاکہ کاروباری طبقے کو معاونت دی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبوں میں ورکنگ گروپس قائم ہو چکے ہیں جو چھوٹے اور درمیانے کاروبار کو مدد دیں گے۔ ایس ایم ایز کا ڈیٹا بیس ترجیحی بنیادوں پر اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، ڈیٹا بیس کی بنیاد پر حکومت ایس ایم ایز کو بروقت سہولت دے سکے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کا اہم جزو ہیں، ان سے معیشت مستحکم ہو گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں، ان میں مزید بہتری کے لیے ایس ایم ایز کا فروغ ضروری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لیے مقرر اہداف جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here