کراچی: اینگرو فرٹیلائزرز کو ایشیا پیسفک انٹرپرائز ایوارڈز 2020ء میں کارپوریٹ ایکسلینس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
کارپوریٹ ایوارڈ کیلئے ایشیا سے مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی 16 کمپنیوں کو نامزد کیا گیا تھا۔
اینگرو فرٹیلائزرز یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی اور واحد کمپنی ہے، کمپنی کے بزنس ایکسلینس، ذمہ دار کاروباری اخلاقیات، شاندار نمو اور بہترین ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم کا جامع جائزہ لینے کے بعد یہ ایوارڈ دیا گیا ہے اور یہی چیزکمپنی کو حریفوں کے مقابلے میں ممتاز رکھتی ہے۔
ایشیا پیسفک انٹرپرائز ایوارڈز 2020ء میں بھارت، چین، جنوبی کوریا، جاپان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات سمیت ایشیا بھر سے 180 کمپنیوں نے شرکت کی۔
اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نادر سالار قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ ایوارڈ ہماری ٹیموں کی مستقل محنت اور کوششوں کے نام ہے جنہوں نے ہمیشہ بہترین عالمی طریقوں پر عمل پیرا ہو کر ہمارے آپریشنز میں استحکام کو یقینی بناتے ہوئے اعلیٰ معیار کے نتائج کے حصول کیلئے غیرمعمولی کارکردگی دکھائی۔
“ہماری کمپنی ترقی کے وعدے پر عمل پیرا ہے اور گزشتہ 50 سالوں میں ہم نے ملکی زرعی زمین کو زرخیز بنانے کیلئے کام کیا ہے اور اب ہم دوسرے شعبوں میں بھی اسی وعدے کو عملی جامہ پہنانے کے خواہاں ہیں۔ “
ایشیا پیسفک انٹرپرائز ایوارڈز 2020ء ریجنل ایڈیشن ایوارڈ ریکگنیشن پروگرام ہے جو بہترین کاروباری اور تنظیمی کارکردگی کو سراہتا ہے۔
اس سال ایشیا پیسفک انٹرپرائز ایوارڈز نے اُن کاروباری رہنماﺅں اور کمپنیوں کو ایوارڈ دیا جنہوں نے اپنے بزنس کی نمو میں اضافہ اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی ذمہ داریوں کو نظرانداز نہیں کیا۔