اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا نیا چیئرمین تعینات کر دیا گیا۔
کابینہ ڈویژن نے نئے چیرمین این ڈی ایم اے کیلئے تین نام بھجوائے تھے جن میں لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز، کیپٹن (ر) شیر عالم محسود اور ندیم ارشاد کیانی کے نام شامل تھے۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے خالی عہدے پر تعیناتی کیلئے کابینہ ڈویژن کے تجویز کردہ تینوں ناموں پرغور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے اتفاق رائے سے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز کو چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی تعینات کرنے کی منظوری دے دی، وہ اس عہدے پر تین سال تک تعینات رہیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز کو سابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کی جگہ تعینات کیا گیا ہے جو مئی 2019ء سے اس عہدے پر کام کر رہے تھے اور 11 دسمبر کو عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔